امام مسجد نبوی آج فیصل مسجد اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کی امامت کریں گے

image

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے مسجد نبوی کے امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر آج فیصل مسجد اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کی امامت کریں گے۔ترجمان مذہبی امور مذہبی امور کے مطابق امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر جمعرات کو سات روزہ خیرسگالی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔اپنی آمد کے بعد امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے جمعرات کو ہی صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کی۔

ان ملاقاتوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔صدر آصف زرداری نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ عقیدے، تاریخ اور بھائی چارے پر مبنی بہترین تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ سعودی عرب قریبی دوست ہے، پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اس موقع پر امام مسجد نبوی نے کہا کہ ’سعودی عرب کی قیادت اور عوام پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کی مضبوط شراکت داری ہے۔‘مسجد نبوی کے امام نے سعودی عرب کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کو عالم اسلام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ ’شہزادہ محمد بن سلمان کی شروع کردہ اصلاحات سے سعودی عرب میں مزید ترقی اور خوش حالی آئے  گی۔‘مسجد نبوی کے امام کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے سعودی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی ایک طویل تاریخ ہے اور ہمارے تعلقات مذہبی، ثقافتی اور اخلاقی اقدار پر مبنی ہیں۔‘

 امام ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر جمعرات کو سات روزہ خیرسگالی دورے پر پاکستان پہنچے تھے (فوٹو: وزارتِ مذہبی امور)

انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین خاص طور پر مکہ اور مدینہ پاکستانی مسلمانوں کے لیے انتہائی مقدس مقامات ہیں۔چیئرمین سینیٹ نے امام مسجد نبوی کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ آپ کی یہاں موجودگی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا مخلص دوست رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیں خطے اور دنیا میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔‘’دہشت گردی اور انتہا پسندی پاکستان اور سعودی عرب کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے، مسلم امہ کو درپیش مسائل اور اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے مل کر لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت ہے۔‘اس موقع پر ڈاکٹر صلاح بن محمد البدیر نے کہا کہ ’سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان ہمارے لیے ایک اہم ملک ہے جس نے ہمیشہ ہر فورم پر سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے۔‘اپنے دورے کے دوران امام مسجد نبوی الشیخ ڈاکٹر صلاح البدیر پاکستانی علما سے بھی ملاقات کریں گے۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US