اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم وزیراعظم ہاؤس پہنچ گئے ہیں جہاں وہ اپنے اعزاز میں ہونے والی ضیافت کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ارشد ندیم منگل کی شام اپنے کوچ سلمان بٹ کے ہمراہ نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے ان کا استقبال کیا۔ارشد ندیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے، میں شہباز شریف کا لگایا ہوا پودا ہوں، ابھی میں زیادہ بڑا نہیں ہوا، مزید آگے جانا ہے، پاکستان کے لیے مزید نام کمانا ہے۔‘انہوں نے اپنے اولمپکس کے فائنل کے حوالے سے کہا کہ ’میری پہلی تھرو غلط ہو گئی، دوسری تھرو کرتے ہوئے ذہن میں تھا کہ بہتر سے بہتر کروں گا۔ دوسری تھرو کے بعد کوچ کے پاس گیا تو انہوں نے کہا 95 فیصد پہلی پوزیشن ہے۔ میں نے کہا دعا کریں ورلڈ ریکارڈ بنا سکوں وہ تو نہیں ہو سکا مگر اولمپکس کا ریکارڈ بن گیا۔‘ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور ان کی پوری ٹیم نے بہت عزت دی۔ وزیراعظم، وزیراعلٰی اور تمام پاکستانی قوم کا شکر گزار ہوں جنہوں ںے اتنی محبت اور عزت دی۔ آج مریم نواز میرے گاؤں آئیں بہت عزت افزائی ہوئی۔ انہوں نے مجھے میری کامیابی سے بڑا انعام دیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم ہاﺅس میں آج ارشد ندیم کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا ہے۔‘
ارشد ندیم پاکستان ایئرفورس کے خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تھے اور انہیں وہاں سے سرکاری پروٹوکول میں میریٹ ہوٹل لے جایا گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ گاڑی چلا کر لائے۔ ارشد ندیم کو وزیراعظم کا پروٹوکول مل رہا ہے۔
قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ 14 اگست کی مرکزی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور ارشد ندیم مل کر پرچم کشائی کریں گے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہر طرف سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے پر پورے ملک میں جشن منایا جا رہا ہے۔ پنجاب سمیت تمام صوبائی حکومتیں خوشیوں میں شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم کا وطن واپسی پر غیرروایتی انداز میں استقبال کیا گیا، طیارے کو واٹر کینن سے سلامی دی گئی۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہیں، ان کی زندگی پر ٹیلی فلم تیار ہونی چاہئے۔ انہوں نے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ میاں چنوں سے پیرس تک ارشد ندیم کا سفر منفرد کہانی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ارشد ندیم کے گھر جا کر انہیں اعزازت دینا اچھی کاوش ہے۔