ایران میں ہلاک ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں وطن پہنچ گئیں

image

ایران میں تین دن قبل ایک بس حادثے میں ہلاک ہونے والے 28 پاکستانی زائرین کی میتیں وطن پہنچا دی گئی ہیں۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق یہ میتیں اور زخمی افراد جمعے کی شب ایئرفورس کے سی ون 30 طیارے کے ذریعے پاکستان لائے گئے۔

یہ زائرین منگل کو ایک بس کے ذریعے مذہبی مقامات کی زیارت کے ایران کے راستے عراق جا رہے تھے کہ ایران کے صوبہ یزد میں حادثے کا شکار ہو گئے۔

اے پی پی کے مطابق پاکستانی زائرین کی میتیں جیکب آباد کے شہباز ایئربیس پر لائی گئیں جہاں سے انہیں ورثاءکے حوالے کیا جائے گا۔

شہباز ایئر بیس جیکب آباد میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی زائرین کی نماز جنازہ بھی ادا کی گئی جس میں صوبائی وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ، ایئربیس پر موجود پاکستان فضائیہ کے افسران، جوانوں اور لواحقین نے شرکت کی۔

ایران بس حادثے میں 28 پاکستانی زائرین ہلاک اور 23 زخمی ہوئے تھے جن میں سے 14 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ میتوں کے ساتھ 15 زخمیوں کو بھی پاکستان لایا گیا ہے۔

حادثے کے بعد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متاثرہ خاندان سے ہر ممکن تعاون کی خصوصی ہدایات جاری کی تھی۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یزد سے لاڑکانہ تک طویل فاصلے اور گرم موسم کی وجہ سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان ایئر فورس کا خصوصی سی 130 طیارہ میتوں کو لینے کے لئے ایرانی شہر یزد پہنچا تھا۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US