برطانیہ میں فیک نیوز کے ذریعے فسادات کا الزام: فرحان آصف عدم شواہد پر بری

image

فیک نیوز کے ذریعے برطانیہ میں فسادات کرانے کے الزام میں گرفتار فرحان آصف نامی شہری کو لاہور کی مقامی عدالت نے عدم شواہد کی بنیاد پر بری کر دیا ہے۔

پیر کو لاہور کی ضلع کچہری میں قائم سائبر کرائم کی عدالت میں چار روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم فرحان آصف کو پیش کیا گیا۔

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم سیل کے تفتیشی افسر نجیب اللہ نیازی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم سے تفتیش مکمل ہو چکی ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مقدمے فیک نیوز کے ذریعے برطانیہ میں فسادات کرانے کا ہے مگر جب تحقیقات کی گئیں تو معلوم ہوا کہ وہ خبر پہلے سے انٹرنیٹ پر موجود تھی جو ملزم نے شیئر کی۔

تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم فرحان آصف نے پہلے سے شیئر کی گئی خبر کو ہی اپنی ویب سائٹ پر اپلوڈ کیا۔ ’ملزم سے ہر طرح تفتیش کی گئی اس کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔‘

جج کے پوچھنے پر کہ ملزم نے ’فیک نیوز‘ کس کے ساتھ شیئر اور کب ڈیلیٹ کی، تو فرحان آصف نے عدالت کو بتایا کہ اُنہوں نے چھ گھنٹے بعد ہی ویب سائٹ سے خبر کو ہٹا دیا تھا۔

عدالت سے تفتشی نجیب اللہ نیازی نے استدعا کی کہ ملزم فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جائے۔

عدالت نے فرحان آصف کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا جس کے بعد ایف آئی اے نے ہتھکڑیاں کھول دیں۔


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US