لائیو: ’مجھے کیوں نکالا؟‘ شیر افضل مروت کے سوال پر ایوان میں قہقہے

image
اہم نکات:ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی: جسٹس منصور علی شاہ

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بم دھماکہ، 11 کان کن ہلاک

سپریم کورٹ کے6 ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا

امریکہ سے  پاکستانیوں سمیت 119 تارکین وطن ملک بدر

 

ایوان کی کارکردگی مایوس کن، پوائنٹ آف آرڈر نہ ملنے کی مذمت کرتے ہیں: بیرسٹر گوہر

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایوان کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ ہمیں پوائنٹ آف آرڈر نہیں ملا جس کی مذمت کرتے ہیں۔‘

بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ سے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے ہر ممکن کوشش کی کہ ایوان چلے۔‘

اپوزیشن رہنماؤں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کی تاریخ میں یہ سب سے غیرموثر پارلیمان ہے۔ ‘

مجھے کیوں نکالا؟‘، شیر افضل مروت کے سوال پر ایوان میں قہقہے

پاکستان تحریکِ انصاف سے نکالے جانے والے شیر افضل مروت نے قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے مجھے کیوں نکالا؟‘

اجلاس کے دوران شیر افضل مروت کی اسمبلی آمد پر حکومتی اراکین نے ڈیسک بجائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ’آپ لوگ انہیں مروا نہ دیجیے گا۔‘

سپیکر کی جانب سے سوال کی اجازت ملنے پر انہوں نے کہا کہ ’میرا سوال اپنے ہی دوستوں سے ہے مجھے کیوں نکالا؟‘

شیر افضل مروت کے سوال کے بعد ایوان میں قہقہے بلند ہوتے رہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ ’ان کا دماغ خراب ہے جو مجھے ڈسپلن سکھا رہے ہیں،اب میں ڈسپلن کی قید سے آزاد ہوِں۔‘

انہوں نے کہا کہ صوابی جلسے میں پہلی مرتبہ نعرے نہیں لگے۔ اگر جلسے میں سارے ورکرز میرے تھے تو پھر اگر نعرے لگے تو یہ میرا حق تھا۔‘

امریکہ کی جانب سے انڈیا کو ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش ہے: دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کو امریکہ کی جانب سے انڈیا کو جدید ٹیکنالوجی ہتھیاروں کی فراہمی کے اعلان پر تشویش ہے۔‘

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ ’کشمیر میں دو نوجوان کو شہید کیا گیا ہے جس کی پاکستان مذمت کرتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران سائیڈ لائن میٹنگ بھی کی جس میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ سعودی عرب ،ایران، ترکیہ، قطر اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ٹیفلونک رابطہ کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے ہم منصب سے غزہ کے حوالے سے بات چیت کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسحاق ڈار جلد اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بم دھماکہ، 11 کان کن ہلاک

بلوچستان کے ضلع ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں دھماکے کے نتیجے میں 11 کان کن ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق واقعہ کوئٹہ سے تقریباً ڈیڑھ سو کلومیٹر دور ہرنائی کی تحصیل شاہرگ سے تقریباً سات کلومیٹر دور ٹاکری میں پیش آیا۔

ڈپٹی کمشنر ہرنائی حضرت ولی کاکڑ نے اُردو نیوز کو بتایا کہ ’کوئلہ کان کے مزدور پک اپ گاڑی میں سوار تھے اور سودا سلف خریدنے شاہرگ بازار کی طرف جا رہے تھے۔ گاڑی کو آئی ای ڈی بم کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’مزدور ہفتے کے چھ دن کام کرتے ہیں اور جمعے کو چھٹی ہونے کی وجہ سے اپنی ضرورت کی اشیاء خریدنے جاتے ہیں۔‘

ہرنائی لیویز کے مطابق نشانہ بننے والے اہلکاروں کا تعلق سوات سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کا کہنا ہے کہ ’واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ابتدائی شواہد سے لگتا ہے کہ دھماکا خیز مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔‘

پاکستان سمیت متعدد ملکوں کے 119 تارکین وطن امریکہ سے بے دخل

امریکہ نے پاکستانیوں سمیت مختلف ملکوں کے 119 افراد کو ملک بدر کرتے ہوئے فوجی طیارے کے ذریعے پانامہ بھیج دیا ہے، جہاں سے انہیں ان کے ملکوں میں بھیجا جائے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعرات کو صدر ہوزے راؤل مولینو نے کہا ہے کہ امریکی فضائیہ کا ایک طیارہ دارالحکومت پانامہ سٹی کے مغرب میں ہاورڈ ایئرپورٹ پر اترا، اور اس میں سوار 119 تارکین وطن کو ہوٹلوں میں منتقل کیا گیا۔

صدر مولینو نے کہا کہ ملک بدر ہونے والوں میں چین، پاکستان اور دیگر ایشیائی ممالک کے شہری شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں جلد ہی امریکہ سے مزید طیارے بھی پہنچیں گے۔

سپریم کورٹ کے چھ نئے ججز نے عہدے کا حلف اُٹھا لیا

سپریم کورٹ کے6 نئے ججز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف لینے والے ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس ہاشم کاکڑ، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی اور جسٹس صلاح الدین پنہور شامل ہیں۔

اس کے علاوہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ حلف اُٹھایا۔ چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے حلف لیا۔

تقریب حلف برداری میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج محسن اختر کیانی، اٹارنی جنرل، وکلاء، لاء افسران اور عدالتی عملے نے بھی شرکت کی۔

سپریم کورٹ میں حلف برداری تقریب کے بعد جسٹس منصور علی شاہ نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی۔

صحافی نے جب سوال کیا کہ ’سنا ہے آپ کے خلاف ریفرنس آ ہا رہے‘، تو انہوں نے کچھ یوں جواب دیا کہ ’ریفرنس جب آئے گا تب دیکھی جائے گی۔ کچھ غلط کیا ہی نہیں تو ریفرنس کا ڈر کیوں ہونا، اللہ مالک ہے۔ کسی سے کوئی ذاتی عناد یا اختلاف نہیں۔‘

پاکستان میں کون سی کمپنیاں سستے موبائل فون فروخت کر رہی ہیں؟

پاکستان کی ضرورت کے 95 فی صد موبائل فونز اگرچہ مقامی طور پر ہی مینوفیکچر ہو رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ٹیکسز کی بھاری شرح عائد ہونے کی وجہ سے ان موبائل فونز کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہی رہتی ہیں۔

تاہم، مقامی مارکیٹ میں بڑی کمپنیوں کے کچھ ایسے موبائل فونز بھی دستیاب ہیں جن کی قیمتیں اُن کے معیار کے حساب سے خاصی کم ہیں، اور شہری ایسے موبائل فونز کی خریداری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

ان موبائل فونز میں گُوگل کمپنی کی پکسل سیریز، سام سنگ ایس اور نوٹ سیریز جبکہ آئی فون کے جے وی موبائل فونز شامل ہیں۔

لاہور میں کرپشن میں ملوث دو ایس ایچ اوز کے خلاف مقدمہ درج

لاہور پولیس میں کرپشن میں ملوث دو ایس ایچ اوز کے خلاف انہی کے تھانوں میں مقدمات درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے شکایات موصول ہونے کا انکوائری کا حکم دیا تھا

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ایس ایچ او میاں سجاد نے منشیات فروشی میں ملوث ملزمان سے 17 لاکھ رشوت وصول کی۔

ایس ایچ او فیصل ٹاون سب انسپکٹر  سیلمان اکبر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مجھے کوئی خط نہیں ملا، اگر ملا تو پڑھے بغیر وزیراعظم کو بھجوا دوں گا: آرمی چیف

 پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی جانب سے ان کو لکھے گئے خطوط کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی خط نہیں ملا ہے۔

جمعرات کے روز وزیراعظم ہاؤس میں ترک صدر رجب طیب اردوغان کے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’اگر خط ملے گا تو میں نہیں پڑھوں گااور اس کو وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔‘ 

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ’خط کی باتیں چالیں ہیں۔‘

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts