سندھ ہائی کورٹ نے نوجوان مصطفیٰ عامر قتل کیس میں ملزم ارمغان کے پولیس ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو جسمانی ریمانڈ کے لیے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
منگل کی صبح سندھ ہائی کورٹ میں مصطفیٰ قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کو منہ پر کپڑا اور ہاتھوں میں ہتھکڑیاں لگا کر پیش کیا گیا۔
دوران سماعت رجسٹرار انسداد دہشتگردی عدالت نے کیس کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے جج جسٹس ظفر راجپوت نے تمام دلائل اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد ریمارکس دیے کہ پولیس کسٹڈی کے ریمانڈ پر وائٹ آؤٹ کر کے اسے جیل کسٹڈی میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل، کیس کے سابق تفتیشی افسر امیر اشفاق، موجودہ تفتیشی افسر محمد علی، اور دیگر متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوا۔
کھلی منافقت، سندھ اور پنجاب کے وزرا میں لڑائی جبکہ وفاق میں بھائی بھائی ہیں: بیرسٹر سیف
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ اور پنجاب کے وزرا میں لڑائی ہے جبکہ وفاق میں بھائی بھائی ہیں، یہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کھلی منافقت کا ثبوت ہے۔
بیرسٹر سیف نے جاری بیان میں کہا کہ حکومت کے تمام اتحادی لوٹ کے مال کی تقسیم پر لڑ رہے ہیں اور رمضان کے آغاز سے پہلے ہی حکمرانوں نے اپنی فیکٹریوں کی چینی مہنگی کر دی ہے۔
ایک سال میں پاکستان کے قرضوں اور واجبات میں 6 ہزار 106 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے جو ن لیگ اور پی پی پی حکومت کا لایا ہوا عذاب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی کی نمائشی لڑائی میں عوام مہنگائی اور ملک قرض کی دلدل میں دھنس چکا ہے۔
پاکستان کاروبار کے لیے اوپن ہے، سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے: ڈاکٹر مصدق ملک
وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کاروبار کے لیے اوپن ہے، سرمایہ کاروں کے لیے تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے سالانہ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ دس سال بعد چالیس نئے آفشور منرل بلاکس کااعلان کیا ہے، شیل اور ٹائٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں لیکن ایک بہت بڑا حصہ ابھی تک دریافت نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کیپ کے ساتھ آئل سیکٹر اوپن کرنے کی پالیسی لا رہے ہیں، آئل سیکٹر کو جدید ٹیکنالوجی پر شفٹ کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم کا مزید کہنا تھا کہ لڑائی جھگڑے کی جگہ ترقی پر توجہ ہونی چاہیے اور سب تک توانائی کی فراہمی ہمارے سٹریٹجی کا اہم جز ہے۔
لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ سے 4 اہلکار جان سے گئے
لوئر کرم میں سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ سے 4 سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بگن کے علاقہ اوچت میں گزشتہ رات ریسکیو آپریشن کرنی والے سکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے سکیورٹی فورسز کی تین گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کے اہلکار کانوائے کی گاڑیوں اور ڈرائیوروں کو حملہ آوروں سے ریسکیو کرنے کی کارروائی کر رہے تھے۔
حملے کے بعد ضلع کرم کے لیے آمد و رفت کا سلسلہ بند ہے۔