لیاقت آباد تھانے کی حدود میں 10 ماہ کے بیٹے کو مبینہ طور جلانے والےسفاک باپ کو پولیس نے گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا، 10 ماہ کے معصوم بچے کو اس کے والد کی جانب سے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد بچے کو کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (NICH) کے آئی سی یو میں داخل کیا گیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈسٹرکٹ سینٹرل کی انچارج ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل نے اسپتال کا دورہ کر کے متاثرہ بچے کی ماں سے واقعے کی تفصیلات حاصل کیں اور تمام ضروری اقدامات کو یقینی بنایا۔ متاثرہ خاندان کو قانونی مدد فراہم کی گئی ہے, بچے کی مکمل حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دو خواتین پولیس اہلکاروں کو 24 گھنٹے اسپتال میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ بچے کی والدہ کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں مدعیہ نے بتایا ہے کہ میری شادی دو برس قبل عامر سے ہوئی تھی اور ہمارا دس ماہ کا بیٹا ہے جس کو میرے شوہر نے زاتی رنجش میں چولہے پر جلا کر مارنے کی کوشش کی ہے، پولیس کارروائی کرے، اس حوالے سے ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ بچے کے باپ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، متاثرہ بچے کی والدہ نے ویمن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل سے رابطہ کیا تھا اور بچہ تشویش ناک حالت میں این آئی سی ایچ کے آئی سی یو میں زیر علاج ہے، مزید تفتیش جاری ہے اور تمام قانونی کارروائیاں متعلقہ حکام کی نگرانی میں مکمل کی جا رہی ہیں۔