تربیلا ڈیم کے اسپل وے آج دوبارہ کھولے جائیں گے، آبادی کو الرٹ رہنے کی ہدایت

image

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ تربیلا ڈیم سے آج دوپہر ڈھائی بجے اسپِل وے دوبارہ کھولے جائیں گے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیم سے پانی کے اخراج سے پانی کی سطح 160,000 سے 260,000 کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے۔ دریائے سندھ اور اس سے منسلک ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ عوام دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں، ماہی گیر اور مویشی پال افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ بچوں کو ندی نالوں کے قریب جانے سے روکیں۔

سیاح اور مقامی افراد کو کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی ہدایات پر عمل کریں، کسی بھی نا خوشگوار اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کیا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ عوام صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔


About the Author:

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts