لیاری کھڈا مارکیٹ فیاض پشاوری ہوٹل بلال مسجد کے قریب بلڈنگ کی چھت گرنے سے 2 خواتین اور ہلاک اور 3 افراد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں، لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
ترجمان ایدھی فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 40 سالہ سکینہ ،18 سالہ حاجرا اور 22 سالہ جویریہ شامل ہیں جبکہ جاں بحق خواتین کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ پولیس نے عمارت سے تمام لوگوں کو نکال لیا ہے اور عمارت خالی کرالی گئی ہے۔
متاثرہ عمارت کے معائنے کےلئے پہنچنے والے ڈی سی ساوتھ جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ اس وقت لیاری سمیت ضلع جنوبی کی تمام متاثرہ عمارتوں کو خالی کروایا جارہا ہے ابھی اس عمارت کا جائزہ لے رہے ہیں کہ اس کا اجازت نامہ کس طرح لیا گیا ہے ۔
اس وقت لیاری کی مخدوش عمارتوں کو خالی کروانے کا کام جاری ہے جبکہ رہائشیوں کو متبادل جگہ دینے کا بھی انتظام کررہے ہیں۔
ایس ایس پی عارف عزیز کا کہنا ہے کہ واقعہ بغدادی تھانے کی حدود میں پیش آیا ہے، 6 منزلہ رہائشی عمارت کی چھت گرنے سے جانی نقصان ہوا ہے۔
ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ بوسیدہ عمارت کے زنگ آلود سریے نے سیمنٹ چھوڑ دیا تھا۔ عمارت کی دیگر منزلوں پر بھی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ،جس کی وجہ سے عمارت کو واقعے کے فورا بعد خالی کروالیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق جاں بحق خواتین آپس میں بہنیں ہیں، زخمیوں میں ان کی بچیاں بھی شامل ہیں جن کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے لیاری کھڈا مارکیٹ میں عمارت کی چھٹی منزل کی چھت گرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سائوتھ اور دیگر کو حادثے کی جگہ پہنچ کر ریسکیو آپریشن کی ہدایات دے دی۔ صوبائی وزیر نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور ڈپٹی کمشنر سے حادثہ کی رپورٹ طلب کرلی۔