جب وینس میں شاہ رخ خان نے عدنان سمیع کے لیے خریداری کی

image

پاکستانی نژاد انڈین گلوکار عدنان سمیع نے حالیہ انٹرویو میں بالی وڈ کے سُپر سٹار شاہ رخ خان کے ساتھ اپنی یادگار ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک اشتہار کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان نے ان کے لیے وینس میں خود جا کر کپڑے خریدے۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق عدنان سمیع نے ایک حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ وہ شاہ رخ خان اور کرینہ کپور کے ساتھ ’پیپسی‘ کے ایک اشتہار کی شوٹنگ کے لیے وینس میں موجود تھے۔ اس وقت وہ زیادہ تر رنگ برنگی ہوائی شرٹس پہنا کرتے تھے جنہیں ان کی اہلیہ ناپسند کرتی تھیں۔

وہ بتاتے ہیں کہ ’ہم وینس میں گرمیوں کے کپڑوں کے ساتھ پہنچے تھے لیکن اچانک موسم نے کروٹ لے لی۔ شدید بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں اور درجہ حرارت بہت گر گیا۔ میں صرف ہوائی شرٹس اور کچھ دوسرے گرمیوں کے کپڑے لے کر آیا تھا۔‘

’شاہ رخ خان اس اشتہار کے شریک پروڈیوسر بھی تھے۔ جب انہوں نے مجھے دیکھا تو کہا کہ تم بیمار ہو جاؤ گے۔ میں کافی تھکا ہوا تھا اور نیند سے چور تھا۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا میرے پاس گرم کپڑے ہیں، میں نے کہا نہیں، پھر میں تھکن کے باعث سو گیا۔‘

’جب میں بیدار ہوا تو معلوم ہوا کہ شاہ رخ خان میرے لیے گرم جیکٹس اور دیگر کپڑے خرید کر لائے ہیں، حیرت کی بات یہ تھی کہ وہ کپڑے میرے ناپ کے بھی تھے۔ مجھے نہیں معلوم کہ انہوں نے یہ کیسے ممکن بنایا لیکن ان کا یہ عمل انتہائی محبت اور احساس سے بھرپور تھا۔‘

عدنان سمیع نے شاہ رخ خان کے اس رویے کو انتہائی دل کو چھو لینے والا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ایسے بڑے اداکار کا اتنا خیال رکھنا واقعی قابلِ تعریف بات ہے۔‘

یاد رہے کہ عدنان سمیع حال ہی میں آشا بھوسلے کے ساتھ گایا گیا گانا ’آؤ نا‘ ریلیز کر چکے ہیں جسے مداحوں نے پسند کیا ہے۔

دوسری جانب شاہ رخ خان ان دنوں اپنی نئی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کی ہدایت کاری سدھارتھ آنند کر رہے ہیں۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts