پسند کی شادی پر قتل: چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کا نوٹس، اعلیٰ حکام طلب

image

چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس روزی خان بڑیچ نے پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کے بہیمانہ قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان کو 22 جولائی کو طلب کر لیا۔

واقعے کی لرزہ خیز ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں مسلح افراد ایک مرد اور خاتون کو نامعلوم مقام پر اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد حکومت بلوچستان نے فوری ایکشن لیا اور مقدمہ درج کر کے آپریشن شروع کیا گیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ اب تک 11 ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں اور آپریشن جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے اور قانون اپنا راستہ خود اختیار کرے گا۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق واقعہ عیدالاضحیٰ کے قریب پیش آیا ہے۔ تاحال مقتولین کی لاشیں نہیں مل سکیں۔ ترجمان بلوچستان حکومت کے مطابق علاقے میں سی ٹی ڈی اور پولیس کی بھاری نفری موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US