ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد میں گزشتہ رات مختلف دھڑوں کے مابین تصادم اور فائرنگ کے واقعہ پر پولیس نے نارتھ ناظم آباد میں کارروائی کرتے ہوئے رحمان عرف بھولا کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے تھے جسے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر قابو میں کیا۔
اس پیش رفت کے بعد پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان سوسائٹی کے سیکٹر انچارج ذیشان حبیب سمیت مزید عہدیداروں اور کارکنوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد کا دورہ کیا اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ روز کے واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے، کچھ بھی سیل نہیں ہو رہا اور تمام معاملے کو جلد ٹھیک کرلیا جائے گا۔