مون سون بارشیں : ریسکیو 1122سوات کی جانب سے جدید ڈرونز کی فرضی مشقیں

image

خیبر پختونخوا میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو 1122سوات کی جانب سے جدید ڈرونز کے استعمال کی فرضی مشقیں کی گئیں۔

ترجمان ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا بلال احمد فیضی نے بتایا کہ ان مشقوں کا مقصد مون سون ایمرجنسی میں ریسکیو 1122 عملے کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کو جانچنا تھا، مشقوں کے دوران ڈرونز کے ذریعے وزن اٹھانے اور دیگر جدید تکنیکی عمل کے تجربات کیے گئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرونز تقریبا 100کلوگرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، تاہم یہ فی الحال تجرباتی مرحلہ ہے اور مکمل ٹیسٹنگ کے بعد ہی حتمی نتائج کی تصدیق کی جائے گی، اگر مطلوبہ نتائج حاصل ہوئے تو مزید ڈرونز بھی حاصل کیے جائیں گے تاکہ ایمرجنسی ریسپانس کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جاسکے۔

ریسکیو 1122 کی جانب سے مشقیں دریائے سوات کے کنارے قائم ایمرجنسی پوائنٹس پر کی گئیں جہاں 2 جدید ڈرونز استعمال کیے گئے، ان ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی، امدادی سامان کی ترسیل اور دشوار گزار علاقوں تک رسائی جیسے پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق یہ مشقیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے بہتر نتائج حاصل ہوئے تو ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کی خصوصی تربیت بھی جلد شروع کی جائے گی تاکہ ان جدید ذرائع کو بروئے کار لا کر ریسکیو آپریشنز میں مزید بہتری لائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US