ہنزہ کی فطری خوبصورتی میں بدنظمی کی ایک اور تصویر سامنے آئی، جب ایک نوجوان سیاح کو دیوار پر اپنا نام لکھنے کی ’یادگار‘ حرکت مہنگی پڑ گئی۔
یہ واقعہ شمالی پاکستان کے حسین وادی ہنزہ میں پیش آیا جہاں مون سون کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاح بڑی تعداد میں پہنچے ہوئے ہیں۔ بارش، سبز پہاڑ، اور ٹھنڈی ہوا کے جھونکے ہر طرف زندگی کی خوشبو بکھیر رہے تھے، لیکن انہی خوشگوار لمحوں میں ایک نوجوان نے ماحول کو بدصورت کرنے کی ناپسندیدہ کوشش کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان نے سڑک کے کنارے بنائی گئی صاف ستھری دیوار پر اسپرے سے اپنا نام لکھا، جیسے یہ کوئی ذاتی دفتر ہو یا کمرہ۔ اس عمل پر مقامی افراد نے فوری ردعمل دیا، نوجوان کو روک کر اسے شرمندگی کا احساس دلایا اور یہ لمحہ کیمرے کی آنکھ میں قید ہو گیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی تو صارفین نے بھی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بعد ازاں پولیس نے مداخلت کی، نوجوان سے دیوار خود صاف کروائی اور معافی منگوائی گئی۔ یوں ہنزہ کی فطرت پر لکھا گیا ناپسندیدہ دستخط خود اسی شخص کے ہاتھوں مٹا دیا گیا۔
یہ واقعہ ایک یاد دہانی ہے کہ سیاحت صرف سیر و تفریح نہیں بلکہ ذمہ داری اور شعور کا تقاضا بھی کرتی ہے۔ فطرت ہمیں سجی سنوری ملتی ہے، اسے بدصورت بنانا ہمارے ہاتھ میں نہیں ہونا چاہیے۔