خیبر پختونخوا میں کسی آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ گنڈاپور

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی قسم کے آپریشن کی اجازت نہیں دیں گے، ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کر سکتے ہیں۔

آل پارٹیز کانفرنس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ آج کی کانفرنس صرف امن و امان کے حوالے سے تھی، جنہوں نے بائیکاٹ کیا ان کے لیے ہمارے دروازے کھلے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گڈ طالبان کی اجازت نہیں دیں گے، یہاں گڈ طالبان کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب دہشت گرد بھی ڈرون کے ذریعے حملے کررہے ہیں، ہم صوبے میں ڈرون کے ذریعے کارروائی کی اجازت بھی نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے واضح کیا کہ کہا کہ ماضی میں دہشتگردی کے خلاف آپریشن ہوا، دہشت گردی سے ہمارے صوبے کا بے حد نقصان ہوا ہے۔ قبائلی علاقوں کے مشیروں سے مشاورت کے بعد گرینڈ جرگہ بلا رہے ہیں، آپریشن کی اجازت نہ ہی دی جائے گی اور نہ ہی کوئی آپریشن قبول ہے۔

گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع میں 300 پولیس اہلکار مقامی اقوام کے ذریعے تعینات کریں گے، ہم اپنی سرزمین کی حفاظت کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے اور قبائلی علاقوں سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے کیے جائیں۔اگست میں این ایف سی کا وعدہ کیا گیا، ہم اس کے لیے آئینی مطالبہ کررہے ہیں۔ صوبے کے جو اثاثے ہیں وہ ہمارے ہیں، ہمارے اختیار میں ہیں۔ مائنز اینڈ منرلز بل میں ایسی کوئی شق نہیں ہے کہ صوبے کا اختیار چھینا جارہا ہے۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کو وفاقی فورس بنانے کے خلاف عدالت جارہے ہیں، یہاں کوئی آپریشن نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کرنے والی جماعتوں کو اگر فیصلوں کا علم تھا تو وہ بھاگ گئے ہیں ہم اپنے فیصلے خود کریں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow