سندھ اسمبلی کا اجلاس ، اہم قوانین اور قراردادیں پیش کی جائیں گے

image

سندھ اسمبلی کا اہم اجلاس آج منعقد ہو رہا ہے جس میں متعدد اہم قوانین، قراردادیں اور عوامی مفادات سے جڑے مسائل پر بحث کی جائے گی۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کا آغاز نو منتخب ارکانِ اسمبلی کی حلف برداری سے ہوگا، جس کے بعد محکمہ لائیو اسٹاک اور فشریز سے متعلق ارکان کے سوالات اور حکومتی جوابات ایجنڈا کا حصہ ہوں گے۔

اپوزیشن رکن سجاد علی سومرو کی جانب سے سانحہ لیاری پر پیش کیے گئے توجہ دلاؤ نوٹس سمیت چار مختلف عوامی مسائل پر مبنی نوٹسز بھی اسمبلی میں پیش کیے جائیں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن محمد آصف کی جانب سے مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف تحریک التوا بھی آج کے ایجنڈے میں شامل ہے جس پر ایوان میں تفصیلی بحث متوقع ہے۔

اجلاس کے دوران گورنر سندھ کی جانب سے حال ہی میں منظور کیے گئے بلوں سے متعلق ایوان کو آگاہ کیا جائے گا،جبکہ ایک آرڈیننس اور ایک سرکاری بل بھی منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

مزید برآں اجلاس میں اجرک نمبر پلیٹس کے حوالے سے قرارداد پیش کئے جانے کا بھی امکان ہے۔اسی طرح بلوچستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے دہرے قتل کے واقعے کی مذمت میں بھی ایک قرارداد ایوان میں پیش کی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US