خیبرپختونخوا میں سونے کی 6 کانوں کی لیز کا فیصلہ

image

حکومت خیبرپختونخوا نے سونے کی پانچ کانوں کی کامیاب نیلامی کے بعد اب مزید چھ سونے کی کانوں کو لیز پر دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ محکمہ معدنیات نے ان کانوں کی کھلی نیلامی کا باقاعدہ نوٹس جاری کر دیا ہے جن کی مجموعی بنیادی قیمت 4 ارب 22 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق یہ تمام کانیں دریائے سندھ اور کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں واقع ہیں جنہیں 10 سالہ مدت کے لیے لیز پر دیا جائے گا۔ نیلامی میں حصہ لینے کے خواہشمند 28 جولائی تک درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں جبکہ نیلامی 4 اگست کو صبح 11 بجے پشاور میں ہوگی۔

نیلامی میں شرکت کی صرف ان کمپنیوں کو اجازت ہوگی جو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے ساتھ رجسٹرڈ ہوں اور ہر کمپنی کو درخواست فیس، ریزرو قیمت کا 10 فیصد بطور کال ڈیپازٹ جمع کرانا ہوگا۔ اس کے علاوہ نیشنل ٹیکسیشن نمبر اور کم از کم 50 لاکھ روپے بیلنس والی بینک اسٹیٹمنٹ (زیادہ سے زیادہ دو ماہ پرانی) بھی لازمی ہے۔

محکمہ معدنیات کے مطابق گاؤں توئی باندا خور درابو کچ کے قریب ریزرو قیمت 60 کروڑ روپے، گاؤں رکوان شکردرہ کے قریب ریزرو قیمت 52 کروڑ ، گاؤں شوروج شکردرہ کوہاٹ کے قریب ریزرو قیمت 70 کروڑ ، گاؤں سین، شادی پور چورلکی کوہاٹ کے قریب ریزرو قیمت 50 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح گاؤں چورلکی، قمر، غاری پڑ، خوش حال گڑ پل کی ریزرو قیمت ایک ارب روپے جبکہ گاؤں خوش حال گڑ راسی قصبا، توئی بانداکی ریزرو قیمت 90 کروڑ روپے مقرر کی گئی ہے۔

محکمہ معدنیات کے مطابق یہ اقدام سونے کی قانونی مائننگ کو فروغ دینے اور غیرقانونی کان کنی کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی صوبے میں پہلی بار 4 ارب 92 کروڑ روپے کی کانیں قانونی طور پر لیز پر دی گئی تھیں جس کے مثبت نتائج کے بعد اب یہ سلسلہ مزید توسیع پا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow