تفتان میں ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرنے کی کوشش کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں عمید، گل احمد، عبدالرحیم اور برہان خان شامل ہیں۔ ابتدائی کارروائی کے دوران افغان شہری عمید کو غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش کرتے ہوئے تفتان بارڈر پر گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں عمید کی نشاندہی پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث گل احمد اور عبدالرحیم کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم برہان خان کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹمپ لگی ہوئی تھی جبکہ وہ اس سے قبل ترکی سے ڈیپورٹ بھی ہو چکا ہے۔
تمام گرفتار ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ایف آئی اے نے واضح کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث کسی بھی شخص کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔