کراچی: پولیس کی کارروائی، 3 سالہ مغوی بچی بازیاب، اغوا کار گرفتار

image

خواجہ اجمیر نگری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والی تین سالہ کمسن بچی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا جبکہ اغوا میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جو کہ بچی کا ہی رشتہ دار نکلا۔

تفصیلات کے مطابق 24 جولائی کو خواجہ اجمیر نگری تھانے میں داود شاہ نامی شہری نے مقدمہ درج کروایا جس میں بتایا گیا کہ اس کی تین سالہ بیٹی ریحانہ رات ساڑھے نو بجے گھر کے قریب گلی میں دکان سے چیز لینے نکلی تھی مگر دکان تک نہ پہنچ سکی اور گلی سے ہی لاپتہ ہو گئی۔ والد نے اپنی مدد آپ کے تحت کافی تلاش کیا مگر بچی نہ ملی تو بالآخر تھانے سے رجوع کیا۔

پولیس نے صرف 24 گھنٹوں کے اندر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے نہ صرف بچی کو بحفاظت بازیاب کیا بلکہ اغوا کار کو بھی گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم شفیق نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا بھائی منگھوپیر پولیس کی تحویل میں ہے اور اس کی ضمانت کے لیے پیسے اکٹھے کرنے کی خاطر اس نے بچی کو اغوا کیا تاکہ تاوان وصول کر سکے۔ ایس ایچ او خواجہ اجمیر نگری نے بتایا کہ ملزم نے بچی کو اغوا کیا تھا اور والدین سے رابطہ کرنے کی منصوبہ بندی ہی کر رہا تھا کہ پولیس نے اسے دھر لیا۔

علاقہ مکینوں اور متاثرہ بچی کے والدین نے پولیس کی فوری، مؤثر اور انسانی ہمدردی پر مبنی کارروائی کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow