کراچی کے علاقے فرزون سیکٹر 15 اے ٹو میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈکیت گینگ کی وارداتیں تیزی سے بڑھنے لگیں، ایک ہی علاقے میں مسلسل وارداتوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ پولیس تاحال بے خبر اور کارروائی سے قاصر نظر آتی ہے۔
تازہ واقعے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی جانب سے ایک یونیورسٹی طالبہ کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی فوٹیج منظر عام پر آ گئی ہے۔ شہری اپنی بیٹی کو موٹر سائیکل پر یونیورسٹی چھوڑنے جا رہا تھا کہ اچانک دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد آئے اور طالبہ سے موبائل فون چھین کر با آسانی فرار ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے واردات کے کچھ ہی دیر بعد اسی علاقے میں ایک اور مقام پر لوٹ مار کی دوسری کارروائی بھی کی، جس کی فوٹیج گزشتہ روز سامنے آ چکی ہے۔ دونوں وارداتوں میں نظر آنے والے ملزمان کی شناخت ایک ہی گروہ کے طور پر ہو رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انہیں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج موصول ہو گئی ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے، تاہم اب تک متاثرہ شہریوں کی جانب سے کسی بھی واردات کی ایف آئی آر درج نہیں کرائی گئی، جس کے باعث تحقیقات سست روی کا شکار ہیں۔