کراچی کے علاقے لیاری میں شوہر کے مبینہ بدترین تشدد کے بعد کوما میں جانے والی نوبیاہتا دلہن سول اسپتال ٹراما سینٹر میں انتقال کر گئیں۔
لیاری شاہ بیگ لین میں شوہر کے تشدد کا شکار نوبیاہتا دلہن شانتی سول اسپتال ٹراما سینٹر میں زیر علاج تھی، پولیس کے مطابق کہ 19 سالہ شانتی نے سول اسپتال ٹراما سینٹر میں اب سے کچھ دیر قبل دم توڑا۔
شوہر کے بہیمانہ تشدد کا شکار 19سالہ شانتی تشویشناک حالت میں مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھی، شانتی کے تین بڑے آپریشن کیے گئے مگر اس کی حالت خطرے سے باہر نہ آ سکی۔
پولیس کے مطابق مقتولہ کی شادی 15 جون کو اشوک سے ہوئی تھی جبکہ تشدد کا واقعہ 17 جون کو پیش آیا تھا، ملزم نے لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں کو کاٹا تھا جس سے اس کی حالت انتہائی تشویشناک ہوگئی تھی جسے سسرال والے انکل سریا اسپتال لے گئے تھے تاہم طبیعت ٹھیک نہ ہونے پر واپس گھر لے گئے۔
4 جولائی کو شانتی کا بھائی مسمی سائیوں اپنی بہن کو سول ٹراما سینٹر لے کر گیااور واقعے کا مقدمہ بھی بھائی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ بغدادی پولیس کے مطابق ملزم اشوک کو گرفتار کرلیا گیا تھا جو اس وقت جیل میں ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شوہر کی جانب سے اہلیہ کے ساتھ جنسی درندگی کا واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو محکمہ کی جانب سے خاتون کی آخری رسومات کی ادائیگی کی ہدایت بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقتولہ کے اہلخانہ کو مکمل قانونی مدد بھی فراہم کی جائے گی۔