انڈین صوبے کرناٹک کے دارالحکومت بنگلورو میں بالی وڈ سٹارز امیتابھ بچن اور عامر خان کے نام پر رجسٹرڈ دو رولز رائس گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق گاڑیوں پر روڈ ٹیکس ادا نہ کرنے کے باعث جرمانہ عائد کیا گیا۔ ایک گاڑی پر 18 لاکھ 53 ہزار انڈین روپے جبکہ دوسری پر 19 لاکھ 73 ہزار انڈین روپے کا جرمانہ ہوا۔اس کہانی میں ٹوئسٹ یہ ہے کہ اب ان گاڑیوں کی ڈرائیونگ سیٹ پر کوئی فلم سٹار نہیں بلکہ بنگلورو کے معروف کاروباری اور سیاستدان یوسف شریف بیٹھے ہیں، جو ’کے جی ایف بابو‘ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔یوسف شریف کا تعلق کولار گولڈ فیلڈز (KGF) سے ہے، یہ وہی کان کنی کا شہر جسے کناڈا فلم ’کے جی ایف‘ نے عالمی شہرت دی۔یوسف شریف پر اب مجموعی طور پر 38 لاکھ 26 ہزار روپے کا بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ وہ امیتابھ بچن کی سابقہ رولز رائس فینٹم اور عامر خان کی سابقہ رولز رائس گھوسٹ ریاست کرناٹک میں استعمال کر رہے تھے مگر ان پر مقامی روڈ ٹیکس ادا نہیں کیا گیا۔حکام کے مطابق دونوں گاڑیاں تاحال مہاراشٹرا میں رجسٹرڈ ہیں اور کاغذی طور پر اب بھی بالی ووڈ سٹارز کی ملکیت دکھائی دیتی ہیں، حالانکہ حقیقت میں وہ ان کے پاس نہیں رہیں۔رولز رائس فینٹم 2021 سے بنگلورو کی سڑکوں پر دیکھی جا رہی ہے جبکہ رولز رائس گھوسٹ 2023 سے زیرِ استعمال ہے۔کرناٹک کے قوانین کے مطابق، اگر کوئی گاڑی ریاست میں ایک سال سے زیادہ استعمال کی جائے تو اسے مقامی طور پر دوبارہ رجسٹر کروا کر روڈ ٹیکس ادا کرنا لازمی ہوتا ہے۔اس قانون کی خلاف ورزی پر آر ٹی او نے رولز رائس فینٹم پر 18 لاکھ 53 ہزار روپے اور رولز رائس گھوسٹ پر 19 لاکھ 73 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔حیران کن طور پر گاڑیوں کی ملکیت عملی طور پر تبدیل ہو چکی ہے مگر کاغذی کارروائی اب تک مکمل نہیں ہوئی۔ دونوں گاڑیاں اب بھی اداکاروں کے نام پر رجسٹرڈ ہیں کیونکہ یوسف شریف نے انہیں اپنے نام منتقل نہیں کروایا۔حکام نے تصدیق کی ہے کہ یہ گاڑیاں باقاعدگی سے استعمال کی جا رہی ہیں مگر قانونی طور پر اب بھی ’بالی ووڈ کی ملکیت‘ شمار ہوتی ہیں۔یوسف شریف نے زندگی کا آغاز سکریپ یعنی ردی کے کاروبار سے کیا اور بعد میں رئیل سٹیٹ اور سیاست میں قدم رکھا۔ سال2021 میں انہوں نے کرناٹک قانون ساز کونسل کے انتخابات میں بنگلور اربن لوکل اتھارٹیز حلقے سے حصہ لیا، اور اس وقت اپنے اور اپنے خاندان کے اثاثے 1,744 کروڑ روپے سے زائد ظاہر کیے۔آر ٹی او نے 2021 میں ہی رولز رائس فینٹم کو ٹیکس کی خلاف ورزی پر نشانے پر رکھ لیا تھا چونکہ اس وقت گاڑی نے ریاست میں ایک سال مکمل نہیں کیا تھا، لہٰذا کوئی کارروائی بھی نہیں کی گئی۔اب دونوں گاڑیاں مقررہ وقت سے زیادہ دیر سے زیرِ استعمال ہیں جس کی وجہ سے بھاری جرمانے لاگو کر دیے گئے ہیں۔