بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں سمندر کے قریب سے خاتون اور مرد کی گولیاں لگی لاشیں ملنے کا مقدمہ بوٹ بیسن تھانے میں درج کرلیا گیا۔
دہرے قتل کا مقدمہ 600/25 سرکار کی مدعیت میں قتل کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا ہے، مقدمے کے متن میں لکھا ہے کہ اطلاع ملی کہ سمندر کے قریب جھاڑیوں سے 2 لاشیں ملی ہیں، پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ لاشیں مرد اور خاتون کی ہیں، دونوں کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا، کارروائی کے بعد دونوں لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دونوں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، خاتون اور مرد کو سر کے پیچھے ایک ایک گولی ماری گئی، دونوں لاشوں کی شناخت فنگر پرنٹس کے ذریعے کی گئی۔
واضح رہے کہ قتل کی جانےوالی خاتون کا نام ثنا دختر آصف اور مرد کی شناخت ساجد مسیح کے نام سے ہوئی، مقتولین کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ پولیس نے جب گوجرانوالہ پولیس سے رابطہ کیا تو معلوم ہوا کہ گوجرانوالہ کے تھانے تتلے عالی میں مقتولہ ثنا کے اغوا کا مقدمہ
نمبر 1412/25 اس کے بھائی وقاص نے درج کرایا تھا۔
16 جولائی کو درج ہونے والے اغواء کے مقدمے میں مقتول نوجوان ساجد مسیح، احتشام اور دو نامعلوم ملزمان کو نامزد کرایا گیا تھا، مقتول ساجد کا تعلق مسیحی برادری سے جبکہ لڑکی ثناء مسلم ہے۔
پولیس کو شبہ ہے کہ ممکنہ طور پر پسند کی شادی کے لیے دونوں کراچی آئےتھے جنہیں قتل کردیا گیا، پولیس کو شبہ ہے کہ دہرے قتل میں مقتولین کے قریبی عزیز ملوث ہوسکتے ہیں۔ پولیس نے گوجرانوالہ میں لڑکی کے خاندان سے رابطہ کرلیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی وقاص نے پولیس کو بتایا کہ وہ گوجرانوالہ میں موجود ہے تاہم پولیس نے مقتولہ کے اہلخانہ کو کراچی طلب کرلیا ہے جبکہ مقتول کے اہلخانہ سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گوجرانوالہ پولیس نے مقتولہ کے بھائی وقاص کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، تاہم پولیس نے پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد دونوں لاشیں سردخانے منتقل کردی ہیں۔