محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان نے انسدادِ منشیات مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے سریاب روڈ پر خفیہ آپریشن کے دوران 5 کلوگرام "آئس" برآمد کر لی، ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی۔
ترجمان محکمہ ایکسائز کے مطابق مذکورہ کارروائی ڈی جی ایکسائز، سیکریٹری ایکسائز اور ڈائریکٹر ہیڈ کوارٹرز کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائی گئی۔ محکمہ کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اور مؤثر کارروائی کرکے نہ صرف آئس اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی بلکہ نوجوان نسل کو بڑے نقصان سے بھی بچایا گیا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ آئس جیسا زہریلا نشہ نوجوان نسل کے لیے تباہ کن ہے اور اس کی روک تھام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ ایکسائزکا واضح پیغام ہے کہ منشیات فروشوں کے لیے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں۔ مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ نیٹ ورک سے وابستہ دیگر عناصر کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔
محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ صوبے کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔