بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ رینجرز چوکی کے سامنے ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد جاں بحق ہوگئے، ورثا قانونی کارروائی کرانے سے انکار کرتے ہوئے لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ لیاقت آباد میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔
بتایا جاتا ہے کہ بلدیہ ٹاؤن رئیس گوٹھ رینجرز چوکی کے قریب ٹریفک حادثے میں دو افراد کی ہلاکت کے واقعہ میں بائیک سوار 2 لڑکے کیمیکل سے بھرے ٹینکر کی زد میں آگئے۔
موچکو پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکوں کی شناخت سجاد اور سمیر کے ناموں سے ہوئی جو مواچھ گوٹھ کے رہائشی تھے، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر ٹینکر بھی تحویل میں لے لیا تاہم ورثا بغیر کسی کارروائی کے لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے ہیں۔
دوسری جانب لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش اسپتال منتقل کی گئی، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متوفی کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔