کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد۔۔ شناخت اور قتل سے متعلق پولیس نے کیا انکشاف کیا؟

image

بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن چائنہ پورٹ کے قریب خاتون اور مرد کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔

مقتولین کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔ مقتولہ کی شناخت ثناء آصف اور نوجوان کی شناخت ساجد مسیح کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول جوڑے کا تعلق پنجاب کے شہر گوجرانولہ کے ایک ہی گاؤں سے تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں کو مذکورہ مقام پر لانے کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 2 چلیدہ خول قبضہ میں لے لیے ہیں جبکہ کرائم سین یونٹ کو جائے وقوعہ پر طلب کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ابتدائی طور پر خیال کیا جارہا ہے کہ دونوں کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا ہے تاہم پولیس اس سلسلے میں ورثاء کے بارے میں معلومات سمیت مزید تحقیقات کررہی ہے۔

بوٹ بیسن پولیس کے مطابق مقتول ساجد کے خلاف گوجرانوالہ کے تھانہ تتلی میں لڑکی کو اغواء کرنے کا مقدمہ درج ہے، مقدمہ 10 روز قبل درج کیا گیا تھا، مقتولین ساحل کے قریب کب اور کیسے پہنچے ؟ کراچی میں کب اور کہاں رہائش پذیر تھے؟ اس سلسلے معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بایو میٹرک کے ذریعے لڑکی اور لڑکے کی شناخت ہوئی، لڑکی کی شناخت ثنا اور لڑکے کی شناخت ساجد کے نام سے ہوئی ہے ۔مرنے والوں کا گوجرانوالہ کا ایڈریس سامنے آیا ہے، مقتولین کے پاس سے پاسپورٹ سائز تصاویر اور کچھ کاغذات بھی ملے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow