کراچی: آن لائن منشیات فروخت کرنےوالا نیٹ ورک بے نقاب، 6 ملزمان گرفتار

image

کراچی کے ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے منشیات فروخت کرنے والا خطرناک نیٹ ورک پولیس نے بے نقاب کر دیا۔ ایس ایس پی ساؤتھ مہزور علی نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ کارروائی کے دوران 6 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جو آن لائن پلیٹ فارمز پر آئس، کوکین، ویڈ اور دیگر منشیات فروخت کر رہے تھے۔

گرفتار ملزمان میں زوہیب نبیل، دانیال منصوری، شیراز، فہد، منیش کمار اور کبیر شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرلی۔ ایس ایس پی مہزور علی نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے ویڈ کا لیکوئڈ، آئس، کوکین اور چرس کی فروخت کی جاتی تھی۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ ملزمان مولی نامی نئی منشیات کی فروخت اور ترسیل میں بھی ملوث پائے گئے ہیں، مولی نامی منشیات پلز کی شکل میں ہوتی ہے جسے ملزمان فروخت کرتے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق یہ نیٹ ورک خاص طور پر نوجوان نسل کو نشانہ بنا رہا تھا اور ساؤتھ کراچی کے ڈیفنس سمیت دیگر پوش علاقوں میں سرگرم تھا۔ ملزمان سوشل میڈیا ایپس کے ذریعے رابطے کرتے اور خریداروں تک منشیات پہنچاتے تھے۔

ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ جن افراد نے ان ملزمان سے منشیات خریدی ان کی فہرست بھی تیار کی جا رہی ہے اور ان کے والدین سے رابطہ کیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow