50 تولہ سونا، ڈیڑھ کروڑ کا صفایا.. گھر پر تالہ لگانے کے باوجود اتنی بڑی ڈکیتی کیسے کر لی؟ پولیس کو ماسی کی تلاش

image

فیروز آباد میں مبینہ طور پر گھریلو ملازمہ نے فلیٹ کا صفایا کردیا، ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد مالیت کا 50 تولہ سونا اور نقدی رقم لے کر فرار ہوگئی۔

شہید ملت روڈ پر فلیٹ میں واردات کی اطلاع ملنے پر پولیس اور کرائم سین یونٹ موقع پر پہنچ گیا۔ کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے۔

ایس ایچ او طارق محمود نے بتایا کہ مذکورہ واردات ہفتے کو ساڑھے تین سے چھ بجے کے درمیان ہوئی تھی جبکہ گھریلو ملازمہ کو 15 روز قبل ہی کام پر رکھا گیا تھا جس کے کام پر آنے کا وقت دن 12 سے 2 بجے تک کا تھا، ہفتے کی دوپہر ساڑھے تین بجے کے قریب اہلخانہ کھانا کھانے باہر گئے تھے اور شام کو جب واپس آئے تو پورا فلیٹ بکھرا ہوا تھا اور الماریوں میں موجود سامان بیڈ اور فرش پر پڑا ہوا ملا تھا جبکہ کچن کی کیبنٹ بھی کھلی ہوئی پائی گئی۔

انھوں نے بتایا کہ گھریلو ملازمہ نقاب لگا کر کام پر آتی تھی اور اہلخانہ اس کی پوری شکل بھی پہچانتے ہیں جبکہ ہفتے کو اس کے ہمراہ ایک خاتون بھی ساتھ آتی تھی اور جب اہلخانہ کھانا کھانے باہر گئے تو وہ دوبارہ آکر کسی طریقے سے فلیٹ کا لاک کھول کر اندر داخل ہوئی تھی۔

اہلخانہ کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ گھریلو ملازمہ گھر سے 48 سے 50 تولے سونے کے طلائی زیورات اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدی چوری کر کے فرار ہوئی ہے۔ طلائی زیورات کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔ پولیس نےواردات کا مقدمہ شہری طاہر محمد کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔ مقدمے میں گھریلو ملازمہ اور اس کی ساتھی کو نامزد کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق 15 روز قبل بلڈنگ مینٹیننس انچارج محمد عرفان کی معرفت ایک ماسی کو گھریلو کام کاج کے لیے رکھا تھا، ماسی نے اپنا نام شازیہ بتایا تھا، شازیہ اپنی ساتھی خاتون کے ہمراہ گھر کا کام کرتی تھی، دونوں ماسیاں دوپہر سوا ایک بجے آتی اور ڈھائی بجے تک چلی جاتی تھیں۔

26 جولائی کو میری فیملی سوا تین بجے دعوت پر چلی گئی، چھ بجے فیملی واپس لوٹی تو گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا، چیک کرنے پر پتہ چلا ڈیڑھ لاکھ روپے اور زیورات غائب ہیں، چوری کیے گئے زیورات میں سونے کے 9 عدد چھوٹے بڑے سیٹ، تین لاکٹ، 18 چوڑیاں شامل ہیں، چوری شدہ زیورات میں تین جوڑی ٹاپس، چار انگوٹھیاں، تین برسلیٹ بھی شامل ہیں، قوی شبہ ہے کہ گھریلو ملازمہ شازیہ اور اس کی ساتھی واردات میں ملوث ہیں۔

ایس ایچ او کے مطابق جائے وقوعہ سے کرائم سین یونٹ نے فنگر پرنٹس اور شواہد اکھٹے کیے ہیں جن کی روشنی میں پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے جبکہ علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کی جارہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow