سی ٹی ڈی پولیس نے کراچی کے علاقے منگھوپیر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے خفیہ اطلاع ملنے پر منگھوپیر کے ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس پر پولیس کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی،نتیجے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔
انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب کے مطابق کارروائی کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مزید تفتیش کی جا رہی ہے جب کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت اور نیٹ ورک سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن مزید تیز کر دیا ہے اور ممکنہ سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے