"میں نے کبھی ایمان کو کسی کام سے نہیں روکا، وہ دن کے 5 بجے تک سوتی ہے اور کوئی کچھ نہیں کہتا۔ تم لوگوں کو بتاتے ہو کہ تم ایمان کو اسپتال لے جا رہے ہو، لیکن یہ نہیں بتاتے کہ اس کے تمام اخراجات میں نے ادا کیے۔ ہمارے درمیان اختلاف ہے مگر ہم خود ہی اسے حل کریں گے۔ اپنی بہن کو صرف ویوز کے لیے استعمال نہ کرو، تم بھی اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے ہو!" رجب بٹ
پاکستانی وی لاگر رجب بٹ ایک بار پھر تنازع کی زد میں ہیں، اور اس بار ان کا نشانہ کوئی اور نہیں بلکہ اپنی بیوی ایمان کا بھائی عون ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیوز اور ذاتی چیٹس لیک ہونے کے بعد راجب نے یوٹیوب پر ایک وی لاگ میں کھل کر وضاحت دی، اور ساتھ ہی کچھ چونکا دینے والے دعوے بھی کیے۔
رجب بٹ نے اپنے مداحوں سے کہا کہ ان کے "کم ظرف دشمنوں" نے ان کی ذاتی ویڈیوز اور چیٹس لیک کیں، جن میں سے بعض ویڈیوز مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اصل میں اس پر کچھ کہنا نہیں چاہتے تھے لیکن مداحوں کی خاطر اب خاموشی توڑ رہے ہیں۔
مگر بات صرف یہاں ختم نہیں ہوئی۔ راجب نے براہ راست ایمان کے بھائی کو تنقید کا نشانہ بنایا، جنہوں نے ایک لائیو سیشن میں ایمان کی سوشل میڈیا پر موجودگی کے حوالے سے اعتراض کیا تھا۔ راجب نے غصے میں آکر کہا کہ "ایمان سوشل میڈیا پر آئے یا نہ آئے، یہ اس کی مرضی ہے۔ میں نے کبھی اسے روکا نہیں۔"
وی لاگر نے مزید انکشاف کیا کہ"یہ میرا اور میری بیوی کا مسئلہ ہے، جب تک ایمان میری بیوی ہے، آپ نے اسے ٹک ٹاک پر نہیں لانا، لیکن آپ کی حرکتیں ایسی نہیں لگتیں کہ وہ میری بیوی رہے۔ کچھ باتیں وضاحت طلب تھیں، کیونکہ خاموشی اکثر گناہگار ٹھہرا دیتی ہے۔ بھائی بنو، سانپ نہ بنو۔ ایمان مجھ سے ناراض ہے تو میں مناؤں گا، یہ میری پریشانی ہے۔ میں کسی طرح اس کا ویزہ لگواؤں یا خود پاکستان جاؤں، یہ مسئلہ ہم خود حل کریں گے، کسی تیسرے کو بولنے کی ضرورت نہیں۔ ویزہ ریجیکٹ ہوا، پیسے ضائع ہوئے، کوئی بات نہیں، وہ میری ذمہ داری ہے۔ جب ایمان بیمار تھی اور آپ نے اُس کی تصویر سوشل میڈیا پر لگائی، تب بھی میں نے برداشت کیا اور کہا کہ ایسا نہ کرو، لیکن آپ باز نہیں آئے۔ میں نے واضح کہا تھا کہ وہ میرے ولاگ میں نہیں آتی تو آپ بھی اسے کانٹینٹ نہ بنائیں، لیکن آپ نے اُس کی پری برتھ ڈے ویڈیوز پوسٹ کیں اور ہمیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ آپ کو کیا حق ہے کہ بیٹھ کر ڈسکس کریں کہ ایمان کو سوشل میڈیا پر آنے کی اجازت ہے یا نہیں؟ اگر میں نے منہ کھولا تو آپ کو بھاگنے کی راہ نہیں ملے گی۔ مجھے سب پتہ ہے کہ آپ کون کون سے ایڈیٹرز سے میرے خلاف باتیں کرواتے ہیں، یہ سب حرکتیں ہمیں ہی نقصان دیں گی۔ چھوٹے بھائی بن کر رہو، دشمن نہ بنو۔"
رجب بٹ نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے کبھی ایمان کو کسی مقدمے کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا، لیکن ان کا کہنا ہے کہ وہ ولیمہ کے دن سے اپنے گھر نہیں جا سکے، جو ان کی زندگی کا ایک نازک مرحلہ تھا۔ یہ نئی ویڈیو سامنے آتے ہی یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا ہے، اور مداح رجب اور ایمان کے تعلقات کے مستقبل کے بارے میں قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔