امریکہ کی یونائیٹڈ ایئرلائنز کے مسافر طیارے بوئنگ 787 ڈریم لائنرکا انجن پرواز بھرنے کے بعد فیل ہو گیا جس کے بعد پائلٹ نے ’مے ڈے‘ کی کال دی اور طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔این ڈی ٹی وی کے مطابق میونخ جانے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز نے 25 جولائی کو اپنے طے شدہ ٹرانس اٹلانٹک سفر پر واشنگٹن ڈلس ہوائی اڈے سے ٹیک آف کیا لیکن اس کا بایاں انجن فیل ہو گیا۔پرواز کے واشنگٹن ڈلس سے روانہ ہونے اور پانچ ہزار فٹ کی بلندی پر پہنچنے کے فوراً بعد انجن میں خرابی کی اطلاع ملی۔ عملے نے جلد ہی ہنگامی حالت کا اعلان کیا اور محفوظ ہنگامی لینڈنگ کو یقینی بنانے کے لیے ایئر ٹریفک کنٹرولرز کے ساتھ رابطہ کیا۔’فلائٹ ایئر ویوز‘ کے مطابق ہوائی جہاز دو گھنٹے 38 منٹ تک فضا میں رہا اور واشنگٹن کے شمال مغرب میں ایک ہولڈنگ پیٹرن میں چکر لگاتا رہا تاکہ واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ پر واپس اترنے سے پہلے ایندھن کو ختم کیا جا سکے۔کنٹرولرز نے اس کی رہنمائی کی کہ جہاز کے ایندھن کو محفوظ طریقے سے خارج کرنے کے دوران دیگر فضائی ٹریفک سے علیحدگی کو کیسے یقینی بنایا جائے۔ ایندھن ختم ہونے کے بعد پائلٹوں نے رن وے 19 سینٹر پر انسٹرومنٹ لینڈنگ سسٹم اپروچ کا استعمال کرتے ہوئے لینڈ کرنے کی اجازت طلب کی۔لینڈنگ کے بعد بوئنگ ڈریم لائنر انجن کی خرابی کی وجہ سے اپنے طور پر آگے نہیں بڑھ سکا اور اسے مشین کے ذریعے رن وے سے ہٹانا پڑا۔ یہ پیر تک واشنگٹن ڈلس ایئرپورٹ پر گراؤنڈ رہا۔اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور توقع ہے کہ ایئر لائن اور متعلقہ ایوی ایشن حکام کی جانب سے تکنیکی خرابی کی مزید تحقیقات کی جائیں گی۔