انڈیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد، روس سے تجارت کرنے پر جُرمانہ بھی ہوگا: ڈونلڈ ٹرمپ

image
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انڈیا سے درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد ہو گا، اور یہ بھی کہا کہ نئی دہلی کی جانب سے روسی ہتھیاروں اور توانائی کی خریداری پر ’جرمانہ‘ بھی دینا ہوگا۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر نے اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں کہا کہ ٹیرف کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا۔

ٹرمپ نے کہا کہ ’انڈیا ہمارا دوست ہے، ہم نے ان کے ساتھ نسبتاً کم کاروبار کیا ہے کیونکہ ان کے ٹیرف بہت زیادہ ہیں، جو دنیا میں سب سے زیادہ ہیں، اور ان کے پاس کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ سخت غیرمالیاتی تجارتی رکاوٹیں ہیں‘

انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا نے ’ہمیشہ اپنے فوجی سازوسامان کی بڑی تعداد روس سے خریدی ہے، اور چین کے ساتھ ساتھ روس سے توانائی کا سب سے بڑا خریدار ہے، ایسے وقت میں جب ہر کوئی چاہتا ہے کہ روس یوکرین میں ہونے والی ہلاکتوں کو روکے۔‘

ٹرمپ نے کہا کہ ’اس لیے انڈیا کو 25 ٹیرف اور جرمانہ بھی دینا ہوگا۔‘

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر نے اشارہ دیا ہے کہ وہ یوکرین میں لڑائی روکنے اور امن معاہدے پر بات چیت کے لیے ماسکو پر امریکی دباؤ کو بڑھانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

منگل کو ٹرمپ نے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کو اگلے ہفتے کے آخر تک 10 دن دے رہے ہیں، وہ یوکرین جنگ ختم کریں یا غیر متعینہ سزا کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا کہ ’ہم ٹیرف لگانے جا رہے ہیں، لیکن مجھے نہیں معلوم کہ اس کا اثر روس پر پڑے گا یا نہیں کیونکہ ظاہر ہے کہ وہ جنگ کو جاری رکھنا چاہتا ہے۔‘

دنیا کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک انڈیا واشنگٹن کو وسیع تجارتی مذاکرات میں شامل کرنے والی پہلی چند بڑی معیشتوں میں سے ایک تھا۔ لیکن چھ ماہ بعد ٹرمپ کے مطالبات اور اپنے زرعی اور ڈیری سیکٹر کو مکمل طور پر امریکہ کے لیے کھولنے میں ہچکچاہٹ نے کے باعث انڈیا معاہدہ نہیں کر سکا۔

منگل کو ٹرمپ نے کہا تھا کہ انڈیا کو 20-25 فیصد کی شرح کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے کیونکہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے۔ اعلان کردہ ٹیرف امریکہ میں انڈیا پر موجودہ 10 فیصد بیس لائن ٹیرف سے بہت زیادہ ہے۔

امریکہ کے یورپی یونین، چین، کینیڈا اور دیگر بڑے شراکت داروں کے ساتھ پیچیدہ مذاکرات جاری ہیں۔

ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر وہ تجارتی معاہدوں تک نہ پہنچیں تو اس جمعے سے درجنوں دیگر ممالک پر سخت ٹیرف لگائیں گے۔ ان میں برازیل بھی شامل ہے، جسے ٹرمپ نے 50 فیصد درآمدی ٹیرف کی دھمکی دی ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow