ضلع بنوں کے تھانہ میریان کی حدود میں پاک فوج، بنوں پولیس اور سی ٹی ڈی کی جانب سے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔
اس موقع پر ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی نے کہا کہ بنوں کو شرپسند عناصر سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔ ڈی پی او نے کہا کہ بنوں تھانہ میریان کی حدود نورڑ میں ہونے والا مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن خفیہ معلومات کی بنیاد پر کامیابی سے جاری ہے، آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر سخت ناکہ بندیاں قائم کی گئیں ہیں جبکہ اس آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں پر مؤثر چھاپے مارے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی کارروائی اور آپریشن کی وجہ سے شرپسند عناصر نے علاقے سے راہِ فرار اختیار کرلی لیکن سیکورٹی فورسز شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے پر عزم ہیں اور بھرپور کارروائی جاری ہے۔
سلیم عباس کلاچی کے مطابق آپریشن کا مقصد علاقے کو شرپسندوں کے وجود سے پاک کرنا اور پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے، قانون شکن عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تفریق جاری رہیں گی اور بنوں کو شرپسند عناصر سے پاک کرکے امن کا گہوارہ بنایا جائے گا۔