باجوڑ گرینڈ جرگہ میں دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے کا فیصلہ

image

باجوڑ گرینڈ جرگہ میں تمام مکاتب فکر کے لوگوں نے دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے پر اتفاق کرلیا۔

باجوڑ تحصیل ماموند میں گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں شرکا نے کہا کہ جرگہ کے مشران طالبان کے پاس جاکر مذاکرات کریں گے تاکہ وہ علاقے سے نکل جائیں، بعد ازاں حکومت سے مذاکرات کر کے آپریشن روکنے کا مطالبہ کریں گے۔

باجوڑ گرینڈ جرگہ میں دہشت گردوں کو کسی قسم کی پناہ نہ دینے کے فیصلے پر تمام شرکا کے مابین اتفاق کرلیا گیا، اس دوران دہشت گردوں کو پناہ نہ دینے کا فیصلہ کرنے کے علاوہ علاقے سے خوارج کے مکمل خاتمے کا عزم بھی کیا گیا۔

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ہونے والے گرینڈ جرگے میں قبائلی عمائدین، علمائے کرام اور سول انتظامیہ کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی، جرگے کا آغاز شہدائے باجوڑ کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی اور خصوصی دعا سے ہوا۔

جرگہ شرکا نے متفقہ طور پر دہشت گردوں کو کسی قسم کی پناہ نہ دینے کا فیصلہ کیا اور اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ خوارج کو علاقے سے مکمل طور پر نکال باہر کریں گے۔ اس موقع پر خوارج کی جانب سے مساجد اور عام شہریوں کے گھروں کو استعمال کرنے کے ویڈیو ثبوت بھی پیش کیے گئے جنہیں دیکھ کر تمام شرکا نے شدید تشویش کا اظہار کیا۔

جرگے میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر خوارج نے رضاکارانہ طور پر علاقہ خالی نہ کیا تو ان کے خلاف بھرپور فوجی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک کی سلامتی، امن و استحکام اور افواج پاکستان کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

یاد رہے کہ باجوڑ میں 29 جولائی سے 31 جولائی تک کرفیو نافذ تھا جس کی توسیع کی کوئی خبر سامنے نہیں آئی۔ ضلعی انتظامیہ نے جرگے کو شام 4 بجے تک کا وقت دیا ہے جس کے بعد ضلعی انتظامیہ اپنا لائحہ عمل تیار کرے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts Follow