پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے شہر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کے خلاف جاری کارروائیوں کے سلسلے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے کراچی کے علاقے آسو گوٹھ، تھانہ ملیر سٹی کی حدود سے خطرناک ملزم معیز عرف گن شاٹ کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں پولیس اور رینجرز نے مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت ملزم کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے، جن میں اسٹریٹ کرائم اور مسلح ڈکیتی کی کئی شکایات درج ہیں۔
حکام کے مطابق معیز عرف گن شاٹ کے خلاف تھانہ ملیر سٹی میں مقدمہ درج ہے اور وہ پولیس کو کافی عرصے سے مطلوب تھا۔ گرفتاری کے بعد ملزم کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔