خیبر پختونخوا : ماحولیاتی تحفظ ایجنسی لیبارٹری کے 62 فیصد آلات غیر فعال

image

خیبر پختونخوا میں ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے 62 فیصد آلات غیر فعال ہیں جبکہ ایئر کوالٹی کی جانچ کرنے والی مشین کی مرمت کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے درکار ہیں۔

آڈیٹر جنرل کی جانب سے نشاندہی کی گئی ہے کہ خیبر پختونخوا ماحولیاتی تحفظ ایجنسی لیبارٹری کا معائنہ کیا گیا، جہاں 85 میں سے 53 یعنی 62 فیصد آلات غیر فعال ہیں، ان آلات میں پینے کے پانی، فضائی آلودگی، پلاسٹک، گندے پانی کے تجزیے اور اسٹیک گیس سے متعلق سیکشنز کے اہم آلات شامل ہیں۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق فضائی معیار کی نگرانی کرنے والا خودکار آلہ بھی خراب ہے جس کی مرمت پرڈیڑھ کروڑ روپے تک کی لاگت آئے گی، یہ مشین ماحول کے بنیادی ڈیٹا کے حصول کے لیے انتہائی اہم ہے۔

آڈٹ میں کہا گیا ہے کہ آلات کی غیر فعالی کی وجہ سے ایجنسی اپنا بنیادی کام یعنی ماحولیاتی تجزیہ مؤثر طریقے سے انجام دینے سے قاصر ہے۔

ابتدائی آڈٹ مشاہدہ 19 جولائی 2024 کو جاری کیا گیا تھا جبکہ 26 جولائی 2024 کو ہونے والے اجلاس میں انتظامیہ نے خراب آلات کی فہرست سے اتفاق کیا اور بتایا کہ مرمت کے لیے فنڈز کا حصول جاری ہے۔ آڈٹ نے تجویز دی ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے آلات کی مرمت پر فوری توجہ دی جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US