حکومت کی اپوزیشن کو 26ویں آئینی ترمیم پر مذاکرات کی دعوت

image

وفاقی حکومت نے اپوزیشن کو آئین میں کی گئی 26ویں ترمیم میں بہتری کے لیے مذاکرات کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت ترمیم میں بہتری کے لیے اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئیں ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بتائیں کہ اس ترمیم کو کیسے بہتر بنایا جا سکتا ہے ہم کل بھی تیار تھے آج بھی تیار ہیں۔

اعظم نذیر تارڑ نے واضح کیا کہ کاغذ پھاڑنے یا ماحول گرم کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے بلکہ بات چیت سے ہی راستہ نکلے گا۔ ان کے مطابق 26ویں ترمیم کا مقصد عدالتوں کے ذریعے پارلیمان کی بے توقیری کو روکنا تھا اور اس کے بعد زیر التوا کیسز میں واضح کمی آئی ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ پوری دنیا میں ججز کی تعیناتی کا طریقہ کار یہی ہوتا ہے اور پاکستان میں بھی اسی ماڈل کو اپنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قانون و انصاف کی کمیٹی میں 108 ترامیم کا مسودہ بھی زیرغور ہے جس پر بھی مل کر کام کیا جا سکتا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ نے اپوزیشن سے کہا کہ وہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذاکرات کی میز پر آئیں تاکہ آئینی اصلاحات کو اتفاقِ رائے سے بہتر بنایا جا سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US