چائے دینے کے بعد واپس لے لی گئی۔۔ فلک شبیر انسیکیور آدمی ہے ! سد ریپر نے فلک کے ساتھ ابرار الحق پر بھی سنگین الزامات کی بوچھاڑ کر دی

image

"میں نے میوزک کو وقت دینا کم کر دیا تھا کیونکہ کچھ برے تجربات ہوئے جہاں فنکاروں نے ہمارے ساتھ بدتمیزی کی۔ فلک شبیر نے ہمیں وہ گانے گانے سے روک دیا جو ان کے اپنے بھی نہیں تھے۔ کبھی کبھار ہم گانا شروع کرتے تو اچانک آواز بند کر دی جاتی، اور ہم بس اسٹیج پر کھڑے رہتے کہ کب آواز واپس آئے گی۔ وہ آرٹسٹ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتا تھا اور نہیں چاہتا تھا کہ اسٹیج پر کوئی اور پرفارم کرے۔ ایک بار تو ہمارے لیے چائے بھیجنے کے بعد واپس لے لی گئی، کہ یہ تمہارے لیے نہیں ہے۔ فلک شبیر کے مینیجر ڈی جے میک یہ شو دیکھ رہے ہوں گے، اس لیے ہم جھوٹ کیوں بولیں؟ یہ سب حقیقت میں ہمارے ساتھ ہوا ہے۔ یہاں تک کہ فلک شبیر نے ایک بار مجھے لیپ ٹاپ سمیت بلایا، اور بجائے یہ بتانے کے کہ کون سا گانا نہ گانا ہے، اس نے میرے گانے شفٹ + ڈیلیٹ سے حذف کر دیے۔ ہم پہلے ہی جدوجہد کر رہے تھے، اوپر سے یہ سلوک۔ ہم نے کبھی اپنے گھر والوں کو نہیں بتایا کیونکہ وہ ہمیں 'میراسی' کہتے تھے۔ اور جب ہم اسٹیج پر یہ سب برداشت کرتے تو اندر سے ٹوٹ جاتے۔ ہم نے کبھی انٹرویوز نہیں دیے کیونکہ ہمیں کوئی پیشہ ورانہ سپورٹ نہیں ملی۔ لیکن مجھے یقین ہے کہ میرے بعد اور لوگ بھی اپنی کہانی سنائیں گے۔"

پاکستانی ٹک ٹاک اسٹار، سنگر اور ریپر "مسٹر سد ریپر" نے آخرکار وہ حقیقت بیان کر دی جو کئی عرصے سے دبی ہوئی تھی۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کروڑوں دل جیتنے والے اس باصلاحیت نوجوان نے "سنو ڈیجیٹل" کے شو "سنو تو سہی" میں حنا نیازی کے ساتھ گفتگو کے دوران نامور گلوکار فلک شبیر پر سنگین الزامات عائد کیے۔

سد ریپر نے بتایا کہ اس نے متعدد بار اسٹیج پر فلک شبیر کے ساتھ پرفارم کیا، لیکن ہر بار اسے عجیب و غریب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ کبھی گانے سے روکا گیا، تو کبھی آواز بند کر دی گئی، کبھی سٹیج پر جان بوجھ کر پریشان کیا گیا، اور حتیٰ کہ ان کی مہمان نوازی بھی چھین لی گئی۔ سد ریپر نے اس کے مینیجر ڈی جے میک کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "یہ سب تمہارے سامنے ہوا ہے، اور تم جانتے ہو کہ میں سچ بول رہا ہوں"۔

سب سے حیران کن لمحہ تب آیا جب سد ریپر نے انکشاف کیا کہ فلک شبیر نے اس کے لیپ ٹاپ سے گانے تک ڈیلیٹ کر دیے۔ ان کے مطابق، ان کے ساتھ ایسا سلوک روا رکھا گیا جیسے وہ کوئی غیر اہم شخص ہو، حالانکہ وہ خود بھی ایک مقبول فنکار ہیں۔

سد ریپر نے اس موقع پر معروف گلوکار ابرارالحق کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جب ان کا گانا "بڈو بڈی" وائرل ہوا، جسے ابرارالحق کے گانے کے ساتھ ریمکس کیا گیا تھا، تب انہوں نے سد ریپر کی خدمات سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ لیکن بعد میں ایک انٹرویو میں ابرار نے جان بوجھ کر ان کا نام نہ لیا، حالانکہ وہ ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں اور اکثر فون پر بات چیت کرتے ہیں۔

سد ریپر کی اس جرات مندانہ گفتگو نے میوزک انڈسٹری کے کچھ کڑوے سچ بے نقاب کر دیے ہیں، جنہیں عام طور پر پردے میں رکھا جاتا ہے۔ ان کی کہانی صرف ان کے لیے نہیں بلکہ ان تمام فنکاروں کے لیے آواز ہے جو بے آواز ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US