شاہی مہمان کے طور پر حج کے لئے گئے۔۔ جنت مرزا کے نئے بیان پر صارفین نے آڑے ہاتھوں کیوں لے لیا؟

image

“یہ لڑکی بہت بڑی پھینکو ہے میں نے اس سے بڑا شوخا کوئی نہیں دیکھا"

"لگتا ہے یہ سوال خود ہی اپنے دوسرے اکاؤنٹ سے پوسٹ کیا ہے"

"رائل گیسٹ ایک ٹک ٹاکر تھی؟ کوئی اسلامی اسکالر نہیں؟ حیران کن!"

"انہیں کسی ایسے شخص کو بلانا چاہیے تھا جو حج کا خرچ نہیں اٹھا سکتا"

"سعودی تو بس لڑکیاں ہی بلاتے ہیں"

یہ وہ تبصرے ہیں جو سوشل میڈیا پر اس وقت گردش کر رہے ہیں جب پاکستان کی معروف ٹک ٹاک اسٹار اور انسٹاگرام پر لاکھوں فالوورز رکھنے والی جنت مرزا نے اپنے حج ٹور کی تفصیلات مداحوں سے شیئر کیں۔ جہاں کچھ لوگ ان کے خلوص اور تجربے کو سراہ رہے ہیں، وہیں بڑی تعداد میں صارفین تنقید کے نشتر لیے بیٹھے ہیں۔

جنت مرزا، جنہوں نے حال ہی میں اپنے خاندان کے ہمراہ حج کی سعادت حاصل کی، پہلے تو اپنے اس روحانی سفر کے بارے میں زیادہ کچھ شیئر کرنے سے گریز کرتی رہیں۔ لیکن پھر ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی خاموشی توڑ دی۔

ایک صارف نے ان سے پوچھا "آپ نے حج کیسے کیا؟ لگ رہا تھا سب کچھ بہت پرتعیش اور غیرمعمولی تھا"۔ اس پر جنت مرزا نے جواب دیا "میں یہ ہمیشہ سے شیئر کرنا چاہتی تھی مگر لوگوں کی باتوں کے ڈر سے خاموش رہی۔ لیکن آج دل سے بات کرنا چاہتی ہوں۔ ماشاءاللہ اور الحمدللہ، ہمیں سعودی عرب کی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے شاہی مہمان کے طور پر بلایا گیا تھا۔"

یہ بیان آتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا۔ بہت سے لوگوں نے سوال اٹھایا کہ کیا واقعی کسی ٹک ٹاکر کو شاہی مہمان بنایا جانا چاہیے تھا؟ کچھ نے جنت پر دکھاوا کرنے اور عاجزی سے محروم ہونے کا الزام بھی لگایا۔ سادہ الفاظ میں کہا جائے تو جنت کے حج کی اصل روح کہیں ان تبصروں میں گم ہو گئی، اور گفتگو کا رخ "رائل ٹریٹمنٹ" کی طرف مڑ گیا۔

یاد رہے کہ جنت مرزا پاکستان کی سب سے مقبول ڈیجیٹل کریئیٹرز میں سے ایک ہیں۔ انسٹاگرام پر ان کے 60 لاکھ سے زائد فالوورز ہیں جبکہ ٹک ٹاک پر یہ تعداد 2 کروڑ 60 لاکھ کے قریب ہے۔ ان کی بہن علیشبہ انجم اور سحر مرزا بھی سوشل میڈیا پر سرگرم ہیں۔ ان کا تعلق فیصل آباد کے ایک بااثر خاندان سے ہے، اور ان کے والد ایس ایس پی مرزا انجم کمال پولیس افسر ہیں۔

جنت نے فلم ’تیرے باجرے دی راکھی‘ میں اداکاری بھی کی ہے اور فیشن و فوٹو شوٹس میں ان کی دلچسپی انہیں نوجوانوں میں خاص طور پر مقبول بناتی ہے۔ لیکن اس بار جنت مرزا کی چمک دمک انہیں تعریف نہیں، تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے اور شاید یہ سوشل میڈیا کی دنیا کا سچ ہے: یہاں ہر بات یا تو وائرل ہوتی ہے یا متنازع۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US