ٹرمپ ٹیرف انڈیا کو چین اور روس کے قریب دھکیل سکتے ہیں: سابق امریکی مشیر کی تنبیہ

image
امریکہ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے کہا ہے کہ چین کے لیے صدر ٹرمپ کی نرمی اور انڈیا پر بھاری ٹیرف، انڈیا کو روس اور چین سے دور رکھنے کی کوششوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

امریکی چینل سی این این کو ایک انٹرویو میں جان بولٹن نے خبردار کیا کہ صدر ٹرمپ کے انڈیا کے خلاف ٹیرف اقدامات جن کا مقصد روس کو نقصان پہنچانا ہے، ان کا اُلٹا اثر ہو سکتا ہے۔

اس کی وجہ انہوں نے یہ بتائی کہ یہ اقدامات نئی دہلی کو ماسکو اور بیجنگ کے قریب دھکیل سکتے ہیں۔

امریکہ کے سابق مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے کہا کہ ’انڈیا کے خلاف ٹرمپ کے ٹیرف کا مقصد روس کو نقصان پہنچانا ہے لیکن یہ اسے روس اور چین کے قریب دھکیل سکتے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ چین پر ٹرمپ کی نرمی، اور انڈیا پر بھاری ٹیرف، انڈیا کو روس اور چین سے دور کرنے کی دہائیوں کی امریکی کوششوں کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔

دی ہل میں اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے جان بولٹن نے کہا کہ تجارت کے معاملے میں انڈیا پر چین کو فوقیت دینے کا ٹرمپ کا نقطۂ نظر ایک بہت بڑی غلطی اور امریکہ کے لیے مکمل طور پر نقصان دہ ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’محصولات امریکہ کے طویل مدتی جغرافیائی سیاسی اہداف کے مطابق نہیں ہیں، کیونکہ امریکہ دوست اور دشمن پر یکساں ٹیرف لگا رہا ہے۔‘

جان بولٹن نے مزید لکھا کہ ’بدقسمتی سے، اب تک کے بین الاقوامی رد عمل کی بنیاد پر، امریکہ نے دوست اور دشمن پر یکساں محصولات عائد کرنے سے ممکنہ طور پر اعتماد کو کافی نقصان پہنچایا ہے جو کئی دہائیوں کی کوششوں سے پیدا ہوا ہے۔

اس سب کے بدلے میں اسے اگر کوئی اقتصادی فائدے مل سکتے ہیں تو وہ کم ہوں گے جبکہ نقصانات زیادہ ہو سکتے ہیں۔‘

جان بولٹن نے کہا کہ انڈیا پر چین کو فوقیت دینے کا ٹرمپ کا نقطۂ نظر ایک بہت بڑی غلطی ہے۔‘ (فوٹو: سٹاک امیجز)

جان بولٹن نے دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ وائٹ ہاؤس ٹیرف کے معاملے میں نئی دہلی کے مقابلے میں بیجنگ کے ساتھ زیادہ نرم رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ اگر ایسا ہے تو یہ ایک ممکنہ طور پر بہت بڑی غلطی ہوگی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹرمپ نے 30 جولائی کو اعلان کیا کہ انڈیا پر ٹیرف کی شرح 26 فیصد ہو گی جو کہ اصل میں 2 اپریل کو تجویز کردہ شرح سے ایک پوائنٹ کم تھی تاہم یہ 2.4 فیصد کی سابقہ اوسط شرح سے ایک بڑا اضافہ ہے۔‘

جان بولٹن نے بات جاری رکھتے ہوئے لکھا کہ ’ٹرمپ نے انڈیا کی جانب سے روسی فوجی سازوسامان کے حصول پر سخت تنقید کی اور انڈیا کی روس سے تیل اور گیس کی خریداری کو امریکہ کی یوکرین سے متعلق پابندیوں کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔‘

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر چین بہتر تجارتی انتظامات حاصل کرنے مین کامیاب ہو جاتا ہے تو انڈیا میں ناراضگی بڑھ سکتی ہے۔

 


News Source   News Source Text

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US