محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے کروڑوں مالیت کے ٹیبلٹس غائب ہونے کا انکشاف ہونے کے بعد ایک اور اسکینڈل کے بادل منڈلانے لگے۔
اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا کے غائب ہونے والے یہ ٹیبلٹس 36 کروڑ روپے مالیت سے زائد کے تھے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق اساتذہ کی تربیت کے لیے دیے گئے 13 ہزار 221 ٹیبلٹس ریکور نہیں ہوئے جبکہ 15 ہزار میں سے صرف 1 ہزار 779 ٹیبلٹس اساتذہ نے واپس کیے، ان میں بھی 79 خراب نکلے ہیں جبکہ بعض ٹیبلٹس کے ہینڈ فری، ایس ڈی کارڈ اور چارجر غائب ہیں۔
یاد رہے کہ اس ایک ٹیبلٹ کی قیمت 28 ہزار 314 روپے تھی، ریکوری نہ ہونے کی صورت میں ٹریننگ کے لیے دوبارہ ٹیبلٹس خریدنا پڑیں گے۔ اس حوالے سے آڈیٹر جنرل نے ٹیبلٹس کی ریکوری اور اساتذہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔