انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک نیا ’دفاعی فضائی نظام‘ لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے جو اگلی ایک دہائی میں انڈیا بھر میں نصب کر دیا جائے گا۔عرب نیوز کے مطابق جمعے کو نئی دہلی کے لال قلعے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے انڈین وزیراعظم نے کہا کہ انڈیا ایک نیا دفاعی نظام لانچ کرے گا جس کا نام ’سدرشن چکر‘ ہے۔انہوں نے کہا کہ ’میں قوم کی سلامتی اور جنگ کے بدلتے ہوئے طریقوں میں شہریوں کی حفاظت کے لیے اس کام کو بڑے عزم کے ساتھ آگے بڑھانے کا عہد کرتا ہوں۔‘
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’سدرشن چکر، طاقتور ہتھیاروں کا ایک نظام ہے، جو نہ صرف دشمن کے حملے کو بے اثر کر دے گا بلکہ دشمن پر کئی گنا بڑا جوابی وار کرے گا۔‘
انڈین وزیراعظم نے یہ اعلان ایک ایسے وقت میں کیا ہے جب تین مہینے قبل مئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کئی دہائیوں کی بدترین لڑائی ہوئی ہے۔ ان جھڑپوں میں ہوائی، ڈرون اور میزائل حملے، نیز توپ خانے اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال شامل تھا۔
انڈیا کا کہنا تھا کہ اس کے زیرانتطام کشمیر میں 26 شہریوں کی ہلاکت کے جواب میں اس نے چھ مئی کو پاکستان کے اندر آپریشن شروع کیا۔ انڈیا نے کشمیر میں حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا جس سے وہ انکاری ہے۔
نیا دفاعی نظام جو اسرائیل کے ’آئرن ڈوم‘ کی طرز کا ہے، ملک بھر میں انڈیا کی اپنی ٹیکنالوجی سے تخلیق کردہ سکیورٹی شیلڈ کی مختلف سطحیں تخلیق کرے گا۔ حکومت کا اسے سنہ 2035 تک مکمل طور پر نصب کرنے کا ارادہ ہے۔اس حوالے سے نریندر مودی نے کہا کہ ’سنہ 2035 تک ملک کے تمام اہم علاقوں جن میں تزویراتی اور شہری مقامات جیسے ہسپتال، ریلوے، عبادت کے مراکز شامل ہیں، انہیں نئی ٹیکنالوجی کی مدد سے مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔‘
تین مہینے قبل مئی میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کئی دہائیوں کی بدترین لڑائی ہوئی ہے۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)
انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ حفاظتی نظام پھیلتا رہے، ملک کا ہر شہری خود کو محفوظ محسوس کرے۔ جو بھی ٹیکنالوجی ہم پر حملہ آور ہو، ہماری ٹیکنالوجی کو اس سے بہتر ثابت ہونا چاہیے۔‘
انڈین وزیراعظم کے اعلان سے ایک روز قبل 14 اگست کو پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فوج کی ایک نئی شاخ آرمی راکٹ فورس کمانڈ بنانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ فورس روایتی جنگ میں ملک کے میزائلز آپریشنز کو دیکھے گی۔