شیوسینا (یو بی ٹی) کے لیڈر ادتیہ ٹھاکرے نے ایشیا کپ میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچز پر بی سی سی آئی کو تنقید نشانہ بنایا اور کہا کہ وفاقی حکومت نے کہا ہے کہ پہلگام حملے کے پیچھے اسلام آباد ہے، لیکن ’کرکٹنگ باڈی کے پیسے کا لالچ مسلح افواج کی قربانیوں سے بالاتر ہے۔‘این ڈی ٹی وی کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ واقعی شرم کی بات ہو گی اگر بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کو لگتا ہے کہ یہ اس سے بڑھ کر ہے جو وزیراعظم نریندر مودی نے اُس دن پاکستان کے حوالے سے لال قلعے میں کہا تھا۔ادتیہ ٹھاکرے نے کہا کہ ’یونین حکومت کے دنیا کو یہ بتانے کی کوششوں کے بعد کہ پہلگام حملے کے پیچھے پاکستان ہے، بی سی سی آئی کا پیسے کا لالچ اس سے آگے ہے۔ یہاں تک کہ وزیراعظم یہ کہہ رہے ہیں کہ خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) میں بی سی سی آئی کی تمام صلاحیتوں کے باوجود یہ کہنا ایک مذاق ہے کہ ہم ایشیا کپ کے قوانین کے پابند ہیں۔‘واضح رہے کہ 9 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کے دوران انڈیا اور پاکستان کے میچز دبئی میں ہوں گے۔انڈیا اور پاکستان 14 ستمبر کو اور پھر ممکنہ طور پر 21 ستمبر کو دبئی میں مقابلہ کریں گے۔ایونٹ کا فائنل 29 ستمبر کو دبئی میں منعقد ہوگا۔ اگلے سال کے شروع میں انڈیا اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ ٹی 20 فارمیٹ پر کھیلا جائے گا۔