چپل پہن کر ڈرائیونگ اور عوامی مقامات پر برہنہ ہونے سمیت وہ غلطیاں جن پر یورپی ممالک میں جرمانے ہوتے ہیں

یورپ نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے سیاحوں پر سختی کرنا شروع کر دی ہے۔ لیکن یہ جُرمانے اس وقت کیوں سامنے آئے ہیں اور اس سے لوگوں کے چھٹیاں گزارنے کے طریقے پر کیا فرق پڑے گا؟
سیاح
Getty Images
یورپ نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے سیاحوں پر سختی کرنا شروع کر دی ہے

ذرا سوچیں کہ آپ کی فلائٹ ابھی ترکی کے شہر انطالیہ میں اتری ہے اور آپ بے تاب ہیں کہ بس آپ جہاز سے اتریں اور اپنی چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

آپ نے سیٹ بیلٹ کھولی، فوراً اپنی نشست سے اٹھے اورجہاز کے رکنے سے پہلے اوپر والے لاکر سے بیگ نکال لیا لیکن یہ عجلت آپ کو اب مہنگی پڑنے والی ہے کیونکہ ایک ائیر ہوٹس آپ کو الگ بلا کر فوراً 62 یورو (54 پاؤنڈ) کا جرمانہ تھما دیتی ہے اور وجہ یہ ہے کہ آپ نے ایک نیا قانون توڑ دیا ہے۔

جی ہاں اس سال سے اگر جہاز کے رکنے اور ٹیکسی کرنے سے پہلے کسی مسافر نے سیٹ بیلٹ کھولی یا نشست سے اٹھا تو اسے جرمانے کا سامنا کرنا ہوگا اوریوں آپ کی چھٹی کا آغاز ایک ناخوشگوار لمحے سے ہو گا۔

ان گرمیوں میں یورپ نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے سیاحوں پر سختی کرنا شروع کر دی ہے۔ چپل پہن کر گاڑی چلانے سے لے کر ساحل سمندر پر سگریٹ پینے تک، نئے قوانین کے تحت مختلف قسم کے جرمانے یورپ بھر میں نافذ ہو رہے ہیں۔

لیکن یہ جُرمانے اس وقت کیوں سامنے آئے ہیں اور اس سے لوگوں کے چھٹیاں گزارنے کے طریقے پر کیا فرق پڑے گا؟

سیاح
Getty Images
معمولی خلاف ورزیاں جیسے کہ سن بیڈ پر تولیہ رکھ کر غائب ہو جانا بھی آپ کی چھٹیوں کے بجٹ پر بڑا کٹ لگا سکتی ہیں

پرتگال کے مشہور ساحلی قصبے البوفیرا میں ساحل کی حدود سے باہر سوئمنگ سوٹ پہننے پر آپ پر 1,500 یورو (1,307 پاؤنڈ) تک کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

مایورکا اور ایبیزا سمیت سپین کے جزائر بلیار میں عوامی جگہوں پر شراب نوشی پر آپ کو 3,000 یورو (2,615 پاؤنڈ) تک کا نقصان اُٹھانا پڑ سکتا ہے۔ حتیٰ کہ معمولی خلاف ورزیاں جیسے کہ سن بیڈ پر تولیہ رکھ کر غائب ہو جانا بھی آپ کی چھٹیوں کے بجٹ پر بڑا کٹ لگا سکتی ہیں۔

یہ تفریحی مقامات اپنی آمدنی کا بڑا حصہ سیاحوں سے کماتے ہیں، اس لیے بظاہر ان اقدامات سے ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے سیاحت سے ہونے والی آمدنی کو نقصان پہنچایا جا رہا ہو لیکن حکام کا کہنا ہے کہ یہ قوانین مقامی رہائشیوں اور ذمہ دار سیاحوں کے تحفظ کے لیے بنائے گئے ہیں۔

لندن میں ہسپانوی ٹورازم آفس کی ہیڈ آف پریس جیسیکا ہاروی ٹیلر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ’یہ قوانین چاہے سننے میں سخت لگیں لیکن ان کا مقصد دراصل ذمہ داری کا احساس اور سفر کے دوران دوسروں کا خیال رکھنے کی سوچ کو فروغ دینا ہے۔‘

ان کے مطابق ’یہ قوانین اس لیے بنائے گئے ہیں کہ وہ لوگ جو چھٹیوں میں سفر کے دوران زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہیں ان کے تجربات اور سفر کو محفوظ بنایا جا سکے۔‘

سپین کے شہر مالاگا میں اس حوالے سے 10 نکاتی مہم شروع کی گئی ہے جس میں بسوں، بل بورڈز اور سوشل میڈیا پر پیغام لکھا گیا ہے کہ ’اپنے قیام کو بہتر بنائیں۔‘

سیاحت
Getty Images

اس پیغام میں سیاحوں کا کہا گیا ہے: باوقار لباس پہنیں، کچرا نہ پھینکیں، حد سے زیادہ شور نہ مچائیں اور ای-سکوٹر کا غیر محتاط استعمال نہ کریں۔

ان ہدایات پر عمل نہ کرنے والوں پر 750 یورو (650 پاؤنڈ) تک کا جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

اس طرح البوفیرا میں بھی عوامی مقامات پر اسی نوعیت کا ایک ضابطۂ اخلاق اس سال نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر برہنہ ہونے سے لے کر کھلے عام پیشاب کرنے اور شاپنگ کارٹس کو چھوڑ دینے جیسے اقدامات پر پابندی عائد ہے۔

مقامی افراد کے مطابق یہ جرمانے صرف دکھاوا نہیں ہیں۔

پولیس شہر کے اہم نائٹ لائف علاقوں میں نظر آتی ہے اور سیاحوں کوجرمانے کے لیے ٹکٹس جاری کیے جا رہے ہیں۔

ایسے ضابطۂ اخلاق ماحولیاتی یا ثقافتی لحاظ سے حساس علاقوں میں عام ہیں، تاہم ان کا مرکزی ساحلی ریزورٹس پر نفاذ ایک بڑی تبدیلی کی نشاندہی کرتا ہے۔

سیاحت میں غیر ذمہ دارانہ رویے بڑھتے جا رہے ہیں اور حکام قصبوں اور رہائشیوں کو سیاحت کے بدترین اثرات سے بچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

رواں سال مایورکا کے شہر کالویا کے میئر نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ ’ہمیں دو اہم نکات کو ذہن میں رکھ کر عمل کرنا ہوگا۔ ماحولیاتی تحفظ اور بقا اور ساتھ میں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ سیاحت ہمارے سماج کے ساتھ ہم آہنگ ہو۔ سیاحت کو شہریوں پر بوجھ نہیں بننا چاہیے۔‘

’ایسا نہیں کہ سیاح بدتمیز ہو گئے ہیں بلکہ برداشت ختم ہو گئی ہے‘

رواں سال لگائے نافذ کیے جانے والے جرمانوں کی فہرست میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ رایان ایئر سفر کے دوران بدنظمی کرنے والے مسافروں سے 500 یورو (435 پاؤنڈ) یا اس سے زیادہ جرمانہ وصول کر سکتی ہے۔

اٹلی کے سیاحتی مقام ’چنک وے تیرے‘ میں نامناسب جوتے پہن کر ہائکنگ کرنے والوں کو 2,500 یورو (2,180 پاؤنڈ) تک جرمانہ دینا پڑ سکتا ہے۔

فرانس میں عوامی ساحلوں اور کھیل کے میدانوں میں سگریٹ پینے پر فوری طور پر 90 یورو (78 پاؤنڈ) کا جرمانہ ہے۔

یونان میں ایک سی شیل اٹھانے پر 1,000 یورو (870 پاؤنڈ) کا نقصان ہو سکتا ہے اور وینس کی نہروں میں تیراکی کرنے پر 350 یورو (305 پاؤنڈ) فائن لگتا ہے۔

ذمہ دار سیاحت کی حامی برگِتا کونگ کہتی ہیں کہ مقامی لوگ موجودہ صورتحال سے نالاں ہیں۔

’یہ جرمانے اس بات کا اشارہ ہیں کہ کمیونٹیز اپنا مقام واپس لینا چاہتی ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ سیاح بدتمیز ہو گئے ہیں بلکہ برداشت ختم ہو گئی ہے۔ یہ سوچنا بھی ضروری ہے کہ ہر جرمانہ کریک ڈاؤن نہیں ہوتا بلکہ کچھ احترام کی اپیل بھی ہوتے ہیں۔‘

یورپ میں اینٹی ٹورازم اور ضرورت سے زیادہ سیاحت کے خلاف مظاہرے گزشتہ برسوں سے بڑھ رہے ہیں۔

مقامی حکام یہ سمجھ رہے ہیں کہ انھیں مقامی رہائشیوں کے حق میں کھڑا ہونا ہوگا اور اس مقصد کے لیے وہ سیاحوں کو ناراض کرنے کا خطرہ مول لینے کو بھی تیار ہیں۔ یہ سیاحوں کے لیے ایک پیغام بھی ہے کہ گھر سے باہر ہونا اس بات کا اجازت نامہ نہیں کہ آپ جو چاہیں کر لیں۔


News Source

مزید خبریں

BBC

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US