انڈین فلم سٹار کاجول کے مرکزی کردار پر مبنی ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کے سیزن ٹو کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق نیا سیزن ایک بار پھر ناظرین کے لیے سنسنی خیز اور پراثر کہانی پیش کرنے جا رہا ہے جس میں مرکزی کردار کو نئے ذاتی اور پیشہ ورانہ چیلنجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔اس سیریز میں کاجول، نینیکا سین گپتا کا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک باصلاحیت وکیل ہیں۔ نئے سیزن میں وہ نہ صرف نئے مقدمات لڑتے ہوئے نظر آئیں گی بلکہ اپنے شوہر راجیو سین گپتا (جیشو سین گپتا) کے ساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات سے بھی نبردآزما ہوں گی۔یاد رہے کہ پہلے سیزن میں راجیو گپتا کو بدعنوانی اور جنسی سکینڈل کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا۔دو منٹ گیارہ سیکنڈ پر مشتمل ٹریلر کا آغاز اس منظر سے ہوتا ہے جہاں کاجول اپنے شوہر کے ساتھ تصویر کا فریم توڑتی ہیں، جو ان کے ازدواجی رشتے میں تناؤ کی عکاسی کرتا ہے۔اس کے بعد ان کے درمیان شدید بحث و تکرار کے مناظر دکھائے گئے ہیں، یہاں تک کہ کاجول علیحدگی کا فیصلہ کرتی ہیں۔ اسی دوران وہ ایک پُراعتماد اور نڈر وکیل کے طور پر عدالت میں نئے مقدمات لڑتے دکھائی دیتی ہیں۔دوسرے سیزن میں نیا پہلو یہ ہے کہ جیشو کا کردار سیاست میں قدم رکھتا ہے، جس کے بعد انتخابی مہم کے دوران ان کے پرانے سکینڈلز کو دوبارہ اُچھالا جاتا ہے اور یہ صورت حال اُن کی ازدواجی زندگی کو مزید پیچیدہ بنا دیتی ہے۔کہانی میں ڈرامائی موڑ اس وقت آتا ہے جب نینیکا (کاجول) ایک مضبوط ماں کا روپ دھار لیتی ہیں کیونکہ ان کی بیٹی سیاسی رسہ کشی کی زد میں آکر ہسپتال پہنچ جاتی ہے۔ ٹریلر کے اختتام پر وہ ایک طاقتور سیاست دان کا سامنا کرتے ہوئے اپنے خاندان کے تحفظ کا عزم کرتی ہیں۔’دی ٹرائل‘ کا دوسرا سیزن آئندہ ماہ کی 19 تاریخ کو ریلیز کیا جائے گا۔ اس ویب سیریز کی ہدایت کاری اُمیش بستا نے کی ہے جبکہ اسے ’بانی جے اشا‘ نے پروڈیوس کیا ہے۔ سیریز کی کاسٹ میں کاجول کے ساتھ سونالی کلکرنی، شیبا چاڈھا، علی خان، کبرا سیٹ، گورَو پانڈے اور کرن ویر شرما شامل ہیں۔ ’دی ٹرائل‘ امریکی ویب سیریز ’دی گُڈ وائف‘ کا ری میک ہے۔