خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 2 کیسز رپورٹ

image

خیبر پختونخوا میں پولیو وائرس کے مزید دو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے مطابق ٹانک اور شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے دو بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

این ای او سی کے مطابق رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 23 تک پہنچ گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ 75 سے زائد اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں بھی پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے۔ جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے 27 اگست کو چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز کو ذاتی طور پر وزیر اعظم ہاؤس طلب کیا ہے تاکہ انسداد پولیو مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل دیامر، جنوبی وزیرستان، لاہور اور راولپنڈی میں پولیو وائرس کی سب سے خطرناک قسم بھی رپورٹ ہوئی تھی۔

این ای او سی کے مطابق ملک بھر میں قومی انسداد پولیو مہم یکم ستمبر سے شروع ہو گی جو کہ 7 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس دوران 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 2 کروڑ 80 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم چاروں صوبوں اور تمام ریجنز کے 99 اضلاع میں بیک وقت چلائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US