چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے اپنے منشور پر عمل کرتے ہوئے دل کے علاج کو عوام کی دہلیز تک پہنچا کر ثابت کر دیا ہے کہ بااختیار صوبے عوامی خدمت کے لیے کس طرح جدید، عالمی معیار کے نظام قائم کر سکتے ہیں۔ وہ کراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (NICVD) کے نئے تعمیر شدہ اسٹیٹ آف دی آرٹ او پی ڈی بلاک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے عوام سے جو وعدے کیے تھے، آج وہ زمینی حقائق میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ NICVD پورے پاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا کا سب سے بڑا مفت دل کا علاج فراہم کرنے والا نیٹ ورک بن چکا ہے، جو روزانہ ہزاروں مریضوں کو اینجیوپلاسٹی، انجیوگرافی اور بائی پاس سرجری جیسی مہنگی ترین سروسز بغیر کسی قیمت کے فراہم کر رہا ہے۔
اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو ملنے والے اختیارات نے عملی طور پر اپنی افادیت ثابت کر دی ہے۔ سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولی میں سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا نے شاندار ریکارڈ قائم کرتے ہوئے وفاق سے بھی بہتر کارکردگی دکھائی۔ صوبائی حکومتوں کی یہ کارکردگی ثابت کرتی ہے کہ مالی خودمختاری کے بعد صوبے بہتر فیصلہ سازی، تیز سروس ڈیلیوری اور عوامی فلاح کے زیادہ مؤثر ماڈلز پیش کر رہے ہیں۔
سندھ حکومت نے اٹھارویں ترمیم کے بعد صحت کے پورے شعبے کی ذمے داری سنبھالی اور NICVD کو ایک جدید ترین، عالمی معیار کے نیٹ ورک میں تبدیل کر دیا۔ 2017 سے دل کے تمام علاج مکمل طور پر مفت کر دیے گئے، جس سے لاکھوں مریضوں کو زندگی بچانے والی خدمات تک برابر رسائی ملی۔
NICVD کا موجودہ نیٹ ورک ملک بھر میں وسیع ترین شکل اختیار کر چکا ہے، کراچی میں مرکزی کارڈیک اسپتال، 2 سیٹلائٹ سینٹرز، 19 چیسٹ پین یونٹس، لاڑکانہ، سکھر، حیدرآباد، خیرپور، مِٹھی، سیہون، ٹنڈو محمد خان اور شہید بینظیر آباد میں فعال مراکز، یہ پورا نظام آج دنیا کا واحد اور سب سے بڑا مکمل طور پر مفت کارڈیک سسٹم مانا جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگر ہر صوبے کو اسی طرح اختیارات اور وسائل ملتے رہیں تو پاکستان کے ہر شہری کو معیاری صحت، تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی عوامی فلاح کے اس ماڈل کو مزید مضبوط کرے گی۔