غیر قانونی خریداری کی تحقیقات، محکمہ تعلیم نے اداروں سے ریکارڈ طلب کر لیا

image

محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے گزشتہ 10 برس کے دوران ہونے والی غیر قانونی اور غیر ضابطہ خریداریوں کی تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ کی جانب سے ٹیکسٹ بک بورڈ، تمام بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین، ڈائریکٹر ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی، منیجنگ ڈائریکٹر پرائیوٹ سکول ریگولیٹری اتھارٹی، منیجنگ ڈائریکٹر ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور تمام ڈائریکٹرز ایجوکیشن کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔ مراسلے میں صوبہ بھر کے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گزشتہ 10 سالہ خریداریوں کا مکمل ریکارڈ تین دن کے اندر محکمہ پرائمری و سیکنڈری تعلیم کو فراہم کریں۔

محکمہ تعلیم کے مطابق جمع کرایا جانے والا ریکارڈ متعلقہ حکام اور تحقیقاتی اداروں کو بھجوایا جائے گا تاکہ غیر شفاف اور غیر قانونی خریداریوں سے ہونے والے ممکنہ مالی نقصانات کی نشاندہی اور تحقیقات کی جا سکیں۔

صوبائی انسپکشن ٹیم کی ہدایات کے مطابق یہ کارروائی کی جا رہی ہے اور معاملے کی حساس نوعیت کے پیش نظر تمام اداروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ مدت میں مکمل اور درست ڈیٹا فراہم کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US