امریکہ کی پوپ سپرسٹار ٹیلر سوئفٹ اور امریکہ کی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی ٹریوس کیلس نے منگنی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق یہ دنیا کے مشہور ترین جوڑوں میں سے ایک کی ہائی پروفائل شادی کا پہلا مرحلہ ہے۔
دونوں نے منگل کو انسٹاگرام پیجز پر ایک مشترکہ پوسٹ میں تصاویر شائع کیں جن میں سے ایک تصویر میں کیلس پھولوں کے باغ میں گھٹنے پر بیٹھ کر ٹلیر سوئفٹ کو شادی کی پیش پیش کر رہے ہیں جبکہ دوسری تصویر میں پوپ سنگر نے ہیرے کی ایک بڑی انگوٹھی پہن رکھی تھی۔
معروف جوڑے نے تصویروں کے ساتھ مزاحیہ کیپشن میں لکھا کہ ’آپ کے انگریزی کے ٹیچر اور جِم ٹیچر کی شادی ہو رہی ہے؟‘
واضح رہے کہ ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس دونوں کی عمر 35 برس ہے۔ اِن کی دوستی کی خبریں پہلی مرتبہ 2023 میں سامنے آئیں اور دونوں اکثر مختلف کنسرٹس یا کنساس سٹی چیفس (ٹریوس کیلس کی فٹ بال ٹیم) کے میچز کے دوران دیکھے گئے۔
گذشتہ برس ٹیلر سوئفٹ نے اپنے ایراس ٹور کے دوران ٹکٹوں کی فروخت کی مد میں دو ارب ڈالر سے زائد رقم کمائی جس نے تمام ریکارڈ توڑ دیے اور انہیں دنیا کا سب سے بڑا میوزک سٹار بنا دیا۔
اُنہیں دسمبر 2024 میں اختتام پذیر ہونے والے اس ٹُور کے دوران مجموعی طور پر 2 ارب 7 کروڑ 76 لاکھ 18 ہزار 725 ڈالر کی آمدنی ہوئی۔
ٹیلر سوئفٹ کے شوز کی ٹکٹیں مہنگی ہونے کے باوجود ہاتھوں ہاتھ فروخت ہوئیں اور لاکھوں شائقین اُن کی جانب متوجہ ہوئے۔
سوئفٹیز۔۔۔ اُن کے فینز جو اس نام سے پہچانے جاتے ہیں، ٹیلر سوئفٹ کی نئی البم کا انتظار کر رہے ہیں جو تین اکتوبر 2025 کو ریلیز ہو گی۔
صدر ٹرمپ نے سٹار جوڑے ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کو منگنی کے اعلان پر مبارک باد دی (فائل فوٹو: گیٹی امیجز)
ٹیلر سوئفٹ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے غصے کو اس وقت دعوت دی جب انہوں نے گذشتہ سال کے صدارتی انتخابات میں ان کی انتخابی حریف کملا ہیرس کی حمایت کا اعلان کیا۔
اس کے بعد ریئل اسٹیٹ کے ارب پتی کاروباری شخصیت ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ "I HATE TAYLOR SWIF”۔
یعنی ’میں ٹیلر سوئفٹ سے نفرت کرتا ہوں۔‘
تاہم اہم بات یہ ہے کہ اس کے باوجود صدر ٹرمپ نے سٹار جوڑے ٹیلر سوئفٹ اور ٹریوس کیلس کو منگنی کے اعلان پر مبارک باد دی۔
امریکی صدر نے کابینہ کے اجلاس کے موقعے پر ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’میں اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔‘
انہوں نے ٹریوس کیلس کے بارے میں کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ وہ بہت اچھا آدمی ہے،‘ جبکہ ٹیلر سوئفٹ سے متعلق کہا کہ ’وہ ایک شاندار شخصیت ہیں۔‘