کراچی کے مختلف علاقوں سے 8 روز کے دوران بچی، بچے اور نوعمر لڑکے کو اغوا کرلیا گیا۔ پولیس نے تینوں کے اغوا کے مقدمات درج کرلیے تاہم اب تک ایک بھی بچہ بازیاب نہ کراسکی۔
کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے عیدگاہ گراؤنڈ کے قریب 27 اگست کو 12 سالہ حسن ولد محمد صالحین کو نامعلوم ملزمان اغواء کر کے لے گئے، کورنگی صنعتی ایریا پولیس نے واقعے کا مقدمہ مغوی کے بھائی محمد عمیر کی مدعیت میں درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ عمیر کے مطابق میرا بھائی 27 اگست کو پڑوسی عبدالرحمان کے ساتھ مدرسے کے لیے نکلا تھا۔ میرے بھائی نے عبدالرحمان کو کہا کہ میری ایک مفتی سے بات ہوئی ہے اور اندرون سندھ مدرسہ پڑھنے جاؤں گا، میرے گھر والوں کو بتا دینا۔ اس کے بعد سے میر ابھائی لاپتہ ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
25 اگست کو سول لائن کے علاقے ہجرت کالونی میں گھر کے باہر کھیلنے والی 4 سالہ مائرہ کو نامعلوم ملزمان اغواء کرکے لے گئے۔ پولیس نے بچی کے اغوا کا مقدمہ والد اسرار کی مدعیت میں الزام نمبر 165/2025 بجرم دفعہ A364 کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔ مدعی مقدمہ کے مطابق سی سی ٹی فوٹیجز بھی سامنے آگئی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹر سائیکل سوار ملزم میری بیٹی کو اغوا کرکے لے جا رہا ہے جس کے پیچھے میری بڑی بیٹی دوڑی لیکن وہ اپنی بہن کو نہیں بچا سکی۔
مدعی کے مطابق 15 لاکھ روپے تاوان کی کال موصول ہوئی تھی تاہم دوبارہ کوئی کال نہیں آئی جبکہ 15 لاکھ روپے تاوان کی ادائیگی کے لیے بھی تیار تھا۔ متاثرہ والد نے اپیل کی کہ بیٹی کو جلد بازیاب کروایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے۔ واقعے کی مزید تفتیش اے وی سی سی کے حوالے کردی گئی ہے۔
19 اگست کو خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر 13A کے رہائشی 9 سالہ عبدالوہاب ولد وقاص کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا۔ پولیس نے بچے کی والدہ ثناء کی مدعیت میں مقدمہ الزام نمبر 431/2025 بجرم دفعہ 364A کے تحت نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش اے وی سی سی کے سپرد کردی۔